خبریں

اپنی الوداعی تقریب میں شامل ہونے سے جسٹس چیلمیشور نے کیا انکار

22 جون کو ریٹائر ہو رہے جسٹس چیلمیشور کے اعزاز میں 18 مئی کوسپریم کورٹ   بار ایسوسی ایشن کے ذریعے الوداعی پروگرام منعقد کیا جا رہا تھا۔

جسٹس چیلمیشور (فوٹو : پی ٹی آئی)

جسٹس چیلمیشور (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: جسٹس جے چیلمیشور نے ریٹائرہونے کے موقع پر ان کے اعزاز میں 18 مئی کو سپریم کورٹ   بار ایسوسی ایشن کے ذریعے منعقد کئے جا رہے الوداعی پروگرام کی دعوت کو  نامنظور کر دیا ہے۔ جسٹس چیلمیشور 22 جون کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔بار ایسوسی ایشن کے اہلکاروں نے بتایا کہ جسٹس چیلمیشور نے ذاتی وجہوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی دعوت کو  نامنظور کر دیا۔ جسٹس چیلمیشور کی قیادت میں 12 جنوری کوسپریم کورٹ  کے چار سینئر  ججوں کی پریس کانفرنس میں چیف جسٹس دیپک مشرا پر لگائے گئے الزامات کے بعد سے ہی وہ تنازعے میں گھرے ہوئے ہیں۔اس پریس کانفرنس میں جسٹس رنجن گگوئی، جسٹس مدن بی لوکر اور جسٹس کرین جوزف نے بھی حصہ لیا تھا۔

سپریم کورٹ  بار ایسوسی ایشن کے صدر وکاس سنگھ نے بتایا کہ جسٹس چیلمیشور سے ایسوسی ایشن  کے اہلکاروں نے ان کو 18 مئی کو الوداعی تقریب میں مدعو کرنے کے لئے گزشتہ ہفتہ ملاقات کی تھی۔ سپریم کورٹ  میں گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہونے سے پہلے 18 مئی کو آخری ورکنگ ڈے ہے۔سنگھ نے کہا، ‘ انہوں نے الوداعی پروگرام کی دعوت کو  نامنظور کر دیا ہے۔ ‘ انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن  کی ورکنگ کمیٹی کے ممبروں نے بدھ کو ایک بار پھر ان سے الوداعی تقریب میں شامل ہونے کی التجا کی لیکن ذاتی وجہوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس کے لئے اپنی رضامندی نہیں دی۔

جسٹس چیلمیشور نے  بار ایسوسی ایشن کے ممبروں کو بتایا کہ ان کا جب آندھر پردیش ہائی کورٹ  سے دوسرے ہائی کورٹ  میں ٹرانسفر ہوا تھا تو اس وقت بھی انہوں نے الوداعی پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت کو  نامنظور کردیا تھا۔ایسوسی ایشن کے سکریٹری وکرانت یادو نے بتایا کہ جسٹس چیلمیشور سے ان کی رہائش گاہ پر بار کے ممبروں نے ملاقات کی لیکن انہوں نے اپنے الوداعی  پروگرام کی دعوت کو منظور نہیں کیا۔

جسٹس چیلمیشور بدھ کو سپریم کورٹ  نہیں آئے تھے۔اس وجہ سے وہ لگاتار تیسری بار ججوں کے روایتی بدھ کی دوپہر کی دعوت میں بھی شامل نہیں ہو سکے تھے۔ ججوں کے ہرایک بدھ کو ہونے والے اجتماعی کھانے کے پروگرام میں باری باری سے جج اپنی  آبائی ریاست کی  خاص ڈش گھر سے لاتے ہیں۔