خبریں

حکومت کا میڈیا پر کنٹرول کا کوئی ارادہ نہیں ہے: وزیرِ اطلاعات و نشریات

وزیرِ اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے راٹھور نے واضح کیا کہ حکومت کا میڈیا پر کنٹرول کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

راجیہ وردھن سنگھ راٹھور ،فوٹوبشکریہ : فیس بک / راجیہ وردھن سنگھ راٹھور

راجیہ وردھن سنگھ راٹھور ،فوٹوبشکریہ : فیس بک / راجیہ وردھن سنگھ راٹھور

نئی دہلی : اطلاعات و  نشریات کے  نئے وزیر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے منگل کو میڈیا کے سیلف ریگولیشن پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت کا اخبار، پورٹل اور میڈیا ویب سائٹس پر کنٹرول کا کوئی منصوبہ  نہیں ہے۔’ حکومت بنام میڈیا ‘ کی بحث کو خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اس سمت میں کام کرے‌گی کہ میڈیا عوام کی آواز بنیں،چاہے پرسار بھارتی ہو یا نجی چینل۔راٹھور نے نامہ نگاروں کو بتایا، ‘ وزیر اعظم نےاس بات کو لےکر واضح کیا ہےکہ میڈیا ہمارے ملک اور جمہوریت کا بےحد اہم ستون ہے۔ میڈیا کو سیلف ریگولیشن  کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ ہمیں ساتھ مل‌کر حکومت کی آنکھ-کان بن‌کر کام کرنا ہوگا، ‘

غورطلب ہے کہ راٹھور نے اسمرتی ایرانی کی جگہ وزیر مملکت برائےاطلاعات و نشریات (انڈی پینڈنٹ چارج) کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ ان کے پاس وزارت کھیل کی ذمہ داری بھی ہے۔وزیر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا، ‘ مختلف سطحوں پر سیلف ریگولیشن کی ضرورت ہے-پہلا تو ایک صحافی کی سطح پر اور پھر مدیر کی سطح پر، اور حکومت میڈیا کے ذریعے اسی سیلف ریگولیشن میں اعتماد کرتی ہے۔ ‘پچھلے مہینے وزارت کے ذریعے ‘ فیک نیوز ‘ پر جاری کی گئی متنازع پریس ریلیز کے پس منظر میں یہ تبصرے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ وزارت کے اس قدم کی میڈیا اداروں نے بڑے پیمانے پر تنقید کی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مداخلت کے بعد اس حکم کو واپس لے لیا گیا تھا۔

گزشتہ مہینے وزارت کے ذریعے حکم جاری کیا گیا تھا کہ میڈیا ویب سائٹس اور نیوز پورٹلس کو ریگولیٹ کرنے کے لئے اصول بنانے کے لیے ایک کمیٹی کی تشکیل کی جائے‌گی۔ اس تعلق سے سوال پوچھے جانے پر راٹھور نے کہا، ‘ مجھے لگتا ہے کہ اس کو غلط طریقے سے سمجھا گیا۔ ‘انہوں نے آگے کہا، ‘ پرسار بھارتی کو مضبوط کیا جائے‌گا اور بہتر  جانکاری فراہم کرنے والے پروگراموں کو ترجیح دی جائے‌گی۔ ‘مرکزی وزیر نےمزید کہا، ‘ یہ ہم بنام وہ (حکومت بنام میڈیا) نہیں ہے یہ دو ٹیموں کا معاملہ نہیں ہے یہ ایک اجتماعی ذمہ داری کے بارے میں ہے کہ چاہے پرسار بھارتی ہو یا نجی نیٹ ورک یا چینل، وہ عوام کی آواز بنیں۔ میڈیا لوگوں کی آواز بنے اور ہم اس شعبے میں کام کریں‌گے۔ ‘

پچھلے چار سالوں تک وزارت میں ماتحت وزیر کے طور پر کام کرتے رہے راٹھور نے کہا کہ حکومت ملک کے لوگوں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ ہم ایسا کرنا جاری رکھیں‌گے۔ ‘سوشل میڈیا کے ذریعے پیدا کی گئیں چیلینجز پر اطلاعات و نشریات کے وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا  پوری طرح سے آزاد ہے اور اس میں تمام قسم کے مکالمے ہوں‌گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ لوگ اس پلیٹ فارم پر اپنے خیالات ذمہ داری کے ساتھ رکھیںگے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے انپٹ کے ساتھ)