خبریں

مدھیہ پردیش: تمام اسکولوں میں حاضری درج کرانے کے لئے کہنا ہوگا جئے ہند

مدھیہ پردیش کے وزیر تعلیم نے کہا کہ اس سے بچوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار  ہوگا۔ ‘ یس سر ‘ یا ‘ یس میڈم ‘ جیسے انگریزی الفاظ سے کیا ملے‌گا۔

فوٹو:بشکریہ www.uniqindia.in

فوٹو:بشکریہ www.uniqindia.in

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے تمام اسکولوں میں آنے والے تعلیمی سیشن سے حاضری درج کرانے کے دوران طلبا و طالبات کو ‘ یس سر ‘ یا ‘ یس میڈم ‘ کی جگہ اب ‘ جئے ہند ‘ کہنا ہوگا۔ ریاست کے شیوراج سنگھ چوہان کی طرف سے یہ قدم بچوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔مدھیہ پردیش کے  وزیرتعلیم (اسکول )وجے شاہ نے جمعرات کو بتایا، ‘ رول نمبر کال کے دوران ‘ جئے ہند ‘ بولنے سے بچوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار ہوگا۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ ہم نے حال ہی میں 1.22 لاکھ سرکاری اسکولوں اور 35000 نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کی ہے  کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ آنے والے تعلیمی سیشن سے حاضری درج کرانے کے دوران طلبا وطالبات ‘ جئے ہند ‘ کہیں۔ ‘شاہ نے بتایا، ‘ طالب علم فی الحال ‘ پریزینٹ سر ‘، ‘ پریزینٹ میڈم ‘ کے علاوہ ‘ یس سر ‘ یا ‘ یس میڈم ‘ کہتے ہیں۔ ان انگریزی الفاظ سے کیا ملے‌گا۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ جئے ہند بولنے سے طالب علموں میں ملک کے لیے محبت اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا ہوگا۔ ‘ اسکولوں میں ‘ جئے ہند ‘ بولنے کی یہ شروعات سب سے پہلے ریاست کے ستنا میں گزشتہ سال اکتوبر میں ہوئی تھی۔ شاہ نے تب کہا تھا کہ اگر یہ استعمال ستنا میں کامیاب رہا تو وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی اجازت سے اس کو پوری ریاست میں نافذ کیا جائے‌گا۔شاہ نے پہلی بار اس کا اعلان بھوپال میں شوریہ اسمارک میں این سی سی ڈےکے موقع پر مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے این سی سی کیڈیٹوں کو خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔اس حکم سے پہلے بھی بی جے پی حکومت اسکولوں میں ترنگا پھہرانے  اور قومی گیت گانے کا حکم جاری کر چکی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کےان پٹ کے ساتھ)