خبریں

گووا،منی پور میں کانگریس اور بہار میں راشٹریہ جنتادل نے پیش کیا حکومت بنانے کا دعویٰ

کرناٹک میں ریاست کی سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کی دعوت دیے جانے کے بعد گووا، منی پور میں کانگریس اور بہار میں آر جے ڈی کے ایم ایل اے نے گورنر سے ملاقات کر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی :کرناٹک میں سب سے بڑی پارٹی بی جے پی کو حکومت بنانے کا موقع دیے جانے کو بنیاد بناکر بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی )،کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے)کے لیڈروں نے ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی قیادت میں جمعہ کو گورنر ست پال ملک سے ملاقات کی۔آر جے ڈی اور اس کی معاون پارٹیوں کانگریس ،ہندوستانی عوام مورچہ (ہم)نے گورنر کو دیے خط میں کہا ہے کہ آر جے ڈی بہار اسمبلی میں سب سے بڑی پارٹی ہے اس لیے اس کو حکومت بنانے کی دعوت دی جائے۔

کانگریس نے اپنے خط میں کہا ہے کہ جس طرح سے کرناٹک کے گورنر نے سب سے بڑی پارٹی کے ناطے بی جے پی کو حکومت بنانے کی دعوت دی اسی طرح بہار میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے آر جے ڈی کو بھی  حکومت بنانے کی دعوت دی جانی چاہیے۔اس خط پر ریاستی کانگریس کے صدر کوکب قادری کے دستخط ہیں ۔کانگریس کے لیڈر سدانند سنگھ کے دستخط والا ایک خط بھی گورنر کو دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کانگریس ،آر جے ڈی کے ساتھ ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے)نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بہار کی بی جے پی ،جدیو کی غیر آئینی حکومت کو فوری طور پر منسوخ کرکے آر جے ڈی کو حکومت بنانے کے لیے مدعو کیا جائے۔اس خط میں پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری کنال کے دستخط ہیں۔گورنر سے ملنے جانے سے پہلے تیجسوی یادو نے کہا کہ ہمارے پاس کئی پارٹیوں اور ایم ایل اے کی حمایت ہے اس کے سہارے وہ اپنی اکثریت ثابت کر سکتے ہیں ۔

دریں اثنا گووا میں کانگریس نے یہاں سب سے بڑی پارٹی ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا ہے ۔گورنر سے ملاقات کرنے کے لیے کانگریس کے 13ایم ایل اے نے گورنر ہاؤس تک مارچ کیا۔کانگریس نے سرکار بنا نے کے لیے گورنر مردلا سنہا کو خط سونپ دیا ہے۔

منی پور میں بھی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ کرنے کے بعد کانگریس حکومت نہیں بنا پائی تھی ۔منی پور کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریسی رہنما اوکرام ایبوبی سنگھ نے گورنر سے ملاقات کر کے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر نے کی مانگ کی ہے۔اوکرام سنگھ نے بتایا کہ گورنر جگدیش مکھی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ خود اس مدعے کو دیکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ گورنر انصاف کریں گے۔