خبریں

اتر پردیش ضمنی انتخاب : اکھلیش میں دم ہے تو سہارن پور میں ووٹ مانگ کر دکھائیں : یوگی آدتیہ ناتھ

بی جے پی لیڈر اور وزیر علیٰ یوگی نے کہا اکھلیش یادو میں دم نہیں ہے کہ وہ یہاں آکر انتخابی تشہیر کریں ،کیوں کہ ان کے ہاتھ مظفر پور دنگوں کے خون سے رنگے ہیں ۔

فوٹو:ٹوئٹر

فوٹو:ٹوئٹر

نئی دہلی:اتر پردیش کے کیرانہ لوک سبھا  سیٹ پر ہو رہے ضمنی انتخا ب میں بی جے پی نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آج  یہاں انتخابی تشہیر کے لیے خود وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پہنچے اور انہوں نے سماجوادی پارٹی  سپریمو  اکھلیش یادو پر جم کر حملہ کیا ۔این بی ٹی کے مطابق ؛وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اکھلیش یادو میں دم نہیں ہے کہ وہ یہاں آکر انتخابی تشہیر کریں ،کیوں کہ ان کے ہاتھ مظفر پور دنگوں کے خون سے رنگے ہیں ۔

سہارن پور میں منعقد ایک عوامی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا وہ  مغربی یوپی کے لوگوں کو گمراہ کر سکتے ہیں ،لیکن ترقی کے کاموں کو لے کریقین نہیں پیدا کر سکتے ۔پہلے یہاں سے ہجرت ہوتی تھی ،لیکن اب یہاں ہجرت نہیں سرمایہ کاری ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی یوپی کو ڈارک ژون سے آزاد کرانے جا رہی ہے۔ترقی کا کوئی  بدل نہیں ہوتا ہے۔پچھلی حکومتوں نے مذہب اور برادری کے نام پر لوگوں کو تقسیم کیا تھا۔بی جے پی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔برادری،مذہب اور خوش کرنے والی سیاست اب بی جے پی کو نہیں روک سکتی۔کیرانہ میں ترقی کی جیت ہوگی۔

یوگی نے کہا ؛پچھلی حکومتوں نے چینی ملوں کو بیچ دیا ۔ہماری حکومت بند چینی ملوں کو کھول رہی ہے۔بی جے پی حکومت گنا کسانوں کے  عزت کی حفاظت کرے گی۔کسانوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی ۔انہوں نے کہا وہ لوگوں سے درخواست کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے بی جے پی کو چنا ہے تو بتادیں ۔

غور طلب ہے کیرانہ لوک سبھا سیٹ اور نور پور اسمبلی سیٹ پر 28 مئی کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 31 مئی کو ہوگی۔ بی جے پی ایم پی حکم سنگھ  کے فروری میں انتقال کے بعد کیرانہ سیٹ خالی ہونے کی وجہ سے الیکشن ہورہا ہے۔بی جے پی نے کیرانہ میں حکم سنگھ کی بیٹی مرگانکا سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔نور پور میں مرحوم ایم ایل اے لوکیندر سنگھ کی اہلیہ کو اونی سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے ۔اسی کے ساتھ اپوزیشن نے سابق ایم پی منور حسن کی اہلیہ تبسم حسن کو ٹکٹ دیا ہے اور نور پور میں 2017 کے اسمبلی الیکشن میں چند ووٹون سے ہار جانے والے نعیم الحسن کو میدان میں اتارا ہے۔

دینک جاگرن کے مطابق ؛وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ کسانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔ہماری حکومت نوجوانوں کو روزگار دے رہی ہے ۔یوگی نے کہا کہ دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلانےوالوں کو جواب دینا ہوگا۔بہن بیٹیوں اور کاروباریوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں سے حکومت سختی سے نپٹے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تین لاکھ نوجوانوں کو نوکری دی جائے گی۔انہوں نے اس بات کا ذکر بھی کہا کہ ہماری حکومت 18 گھنٹے بجلی دے رہی ہے۔انہوں نے سرکاری اسکولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو اچھی ڈریس دی ۔انہوں نے کہا کہپ ہوم گارڈ کے جوانوں کو اچھی ٹریننگ دی جارہی ہے۔آرہ مشین کے لیے لائسنس حاصل کرنے  کے پروسس کو آسان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آنگن باڑی میں کام کرنے والوں کی تنخواہ میں اضافے پر غور کیا جارہا ہے۔ایک لاکھ 37 ہزارٹیچر کی بحالی کی کارروائی کی جارہی ہے۔بحالی میں کسی کے ساتھ امیازی سلوک نہیں کیاجائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر جئے شری رام کے نعرے کے ساتھ اپنی تقریر ختم کی ۔