خبریں

بارش کے لیے گجرات حکومت کرائےگی41 یگیہ

اندر دیو اور ورون دیو کو خوش کرنے کے لیے 33اضلاع میں 41یگیہ کروانے کا فیصلہ کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :گجرات میں ان دنوں پانی کا شدید بحران ہے ۔ریاست کے آبی وسائل خشک ہورہے ہیں ۔لیکن حکومت اس سے نپٹنے کے لیے ضروری انتظام کرنے کے بجائے خدا سے مدد مانگ رہی ہے۔آبی بحران سے نپٹنے کے لیے کابینہ کی میٹنگ میں یگیہ کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ؛31مئی سے 33اضلاع میں 41پرجنیہ یگیہ (parjanya yagnas) کروائے جائیں گے۔اس کے علاوہ 8 اہم شہروں میں بارش کے دیوتا اندر دیو اور پانی کے دیوتا ورون دیو کو خوش کرنے کے لیے بھی یگیہ کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ یگیہ گجرات حکومت کے ایک مہینے سے چل رہے ‘سجلام سفلام جل ابھیان’  کا اختتام ہوگا۔اس تحریک کے ذریعے سلٹ ہٹانے اور ندیوں،جھیلوں ،تالابوں ،کینل اور آبی اکائیوں کو آنے والے مانسون میں  گہرا کیا جانے کا کام ہوگا۔یگیہ کرنے کا فیصلہ بدھ کو کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا تھا۔نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے کہا ؛ حکومت نے اچھی بارش کے لیے 31 مئی کو یگیہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔یہ یگیہ پورے گجرات میں 41جگہوں پر کیا جائے گا اور یگیہ کے اختتام پر پرساد بانٹا جائے گا۔میں اور وزیر اعلیٰ وجے روپانی ،ریاستی وزیر اور سینئر افسران بھی  اس یگیہ میں شامل ہوں گے۔اس کے بعد عوامی اجلاس ہوگا۔

گجرات  اس وقت گرمیوں میں آبی بحران سے جوجھ رہا ہے۔ریاست کے 204باندھوں میں 25227ملین کیوبک میٹر کا صرف 29فیصد پانی بچا ہوا ہے۔2019کے لوک سبھا انتخاب نزدیک آرہے ہیں اور ایسے میں روپانی حکومت کو ڈر ہے کہ مانسون میں دیری یا پانی کی کمی سے لوگوں میں مایوسی پھیل سکتی ہے جس کا اثر انتخاب پر پڑے گا۔