خبریں

دہلی : مرڈر والی جگہ پر افطار پارٹی دیں گے انکت سکسینہ کے والدین

محبت میں جان گنوانے والے انکت کے والدین رمضان پر افطار پارٹی دینے جا رہے ہیں۔وہ اس پارٹی کے ذریعے محبت  اور بھائی چارہ کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: دوسرے مذہب کی لڑکی سے محبت کرنے کی وجہ سے جان گنوانے والے انکت کے والدین رمضان پر افطار پارٹی دینے جا رہے ہیں۔ اپنے اکلوتے بیٹے کو آنکھوں کے سامنے کھونے کے بعد انکت کے والدین محبت  اور بھائی چارہ کا پیغام دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس میں انکت کے دوستوں کا بھی سپورٹ مل رہا ہے۔ ممکن ہے کہ تقریب وہیں ہو ،جہاں انکت کا قتل ہوا تھا۔ اس جگہ پر انکت کی یاد میں تلسی کا ایک پودالگا ہواہے۔

این بی ٹی کے مطابق ،اہل خانہ  کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ہے کہ انکت کے بہانے سماج میں بھائی چارہ بڑھے۔ اس کے لیے انھوں نے انکت کے نام سے ایک ٹرسٹ بنانے کی تیاری بھی کی ہے۔23 سال کے انکت سکسینہ کا اسی سال فروری میں قتل کر دیا گیا تھا۔انکت کا گناہ یہ تھا کہ وہ دوسرے مذہب کی لڑکی سے محبت کرتا تھا۔ لڑکی نے بھی انکت سے شادی کا فیصلہ کر لیا تھا جس کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا۔ لڑکی کی فیملی والوں نے اس کا سر عام گلا کاٹ  کر قتل کیا تھا۔ واردات نے مذہبی طول پکڑا لیکن انکت کے والد یشپال نے اپنے بیٹے کی موت کو مذہبی رنگ نہیں دینے کی اپیل کی ۔ اب 3 جون کو سکسینہ فیملی رگھوویر نگر ایریا میں افطار پارٹی منعقد کرے گی ۔

انگریزی روزنامہ ڈی این اے کے مطابق؛ انکت کے والدین ان جوڑوں کی بھی مدد کرنا چاہتے ہیں جو الگ الگ عقائد کے ہیں یا انہوں نے اپنےمذہبی  عقیدے سے باہر جاکر شادی کی ہے۔فیملی کے مطابق ،افطار کے لیے لوکل پولیس کے علاوہ تمام  مذاہب کے لوگوں کو دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔ ابھی ایک طرح کی سوچ والے لوگوں کو بلایا جا رہا ہے۔اس سے پہلے انکت کے دوستوں نے اس کے 23 ویں سالگرہ پر بھی سیلی بریٹ کیا تھا۔امن کا پیغام دینے کے لیے پوسٹر ،بینر لگائے  گئے تھے۔