خبریں

اتر پردیش: بی جے پی ایم ایل اے نے امبیڈکر کے مجسمہ کو بھگوا پہنایا

ٹانڈا سے بی جے پی ایم ایل اے سنجو دیوی کے امبیڈکر کے مجسمہ کو بھگوا پہنانے پر ہوا تنازعہ ، ایم ایل اے بولیں، بھگوا عام رنگ ہے اس کو سیاست سے نہ جوڑیں۔

فوٹو: بہ شکریہ ٹوئٹر

فوٹو: بہ شکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: اتر پردیش کے  ضلع امبیڈکر نگر میں واقع ٹانڈا سے بی جے پی ایم ایل اے سنجو دیوی نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو دودھ سے نہلا کر ،بھگوا کپڑے پہناکر نئے تنازعہ کو جنم دے دیا ہے۔ نو بھارت ٹائمس کی خبر کے مطابق ، جمعرات کو ایم ایل اے سنجو دیوی اور بی جے پی کارکن کے ٹانڈا کے تھروآ میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کو منتر پڑھ کر دودھ سے نہلایا اور پھر مجسمے پر تلک لگا کر اس کو بھگوا کپڑے پہنا دیے۔ اس واقعہ پر بی ایس پی کے سابق رکن پارلیامان تری بھوون دت نے اعتراض کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ امبیڈکر کے اصولوں   پر چلتے نہیں ہیں، بس یہ سب صرف دکھاوے کے لیے کرتے ہیں۔ وہیں ایم ایل اے سنجو دیوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت علاقے میں صفائی کرنے کے بعد امبیڈکر کے مجسمے کو دودھ سے نہلا یا گیا تھا۔مجسمے کو بھگوا کپڑا پہنانے کے پیچھے ایم ایل اے نے یہ دلیل دی ہے کہ بھگوا رنگ کسی خاص مذہب یا سیاسی پارٹی کا رنگ نہیں ہے۔ اور اس کو سیاست سے جوڑ کر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے اپریل مہینے میں بدایوں ضلع کے کنور گاؤں میں کچھ شرارتی لوگوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے کو توڑ دیا تھا۔ اس کے بعد دوبارہ بنائے گئے مجسمہ کو بھگوا رنگ دیا گیا تھا،جس پر تنازعہ ہوا۔ اس تنازعہ کے بعد اس کو پھر سے نیلا پینٹ کر دیا گیا تھا۔