خبریں

کھیل کی دنیا : کیا کبڈی کھلاڑیوں کے اچھے دن آنے والے ہیں ؟

کھیل کی دنیا: پرو کبڈی لیگ کی نیلامی میں ایک کھلاڑی کو فرنچائزی نے 1.51کروڑ روپے میں خریدا۔جی ہاں کبڈی جیسے کھیل کے لیے یہ کچھ عجب سا لگ رہا ہے مگر ہریانہ ا سٹیلرس نے مونو گویت کو 1.51 کروڑ روپے کی قیمت پر خریدکر ہر کسی کو حیران کر دیا ہے۔

مونو گویت /فیس بک

مونو گویت /فیس بک

اگر کارپوریٹ اور مینجمنٹ کے لوگ سنجیدہ ہو جائیں اور وہ کرکٹ کے علاوہ ہندوستان کے دوسرے کھیلوں میں بھی دلچسپی دکھانے لگیں تو اس کھیل کی قسمت تو بدلے گی ہی ساتھ ساتھ اس کھیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بھی قسمت بد لے گی۔یقین نہیں ہوتا مگر ایسا ممکن ہو گیا ہے کہ پرو کبڈی لیگ کی نیلامی میں ایک کھلاڑی کو فرنچائزی نے 1.51کروڑ روپے میں خریدا۔جی ہاں کبڈی جیسے کھیل کے لیے یہ کچھ عجب سا لگ رہا ہے مگر ہریانہ ا سٹیلرس نے مونو گویت(Monu Goyat) کو 1.51 کروڑ روپے کی قیمت پر خریدکر ہر کسی کو حیران کر دیا ہے۔

تعجب کی بات یہ دیکھئے جہاں گزشتہ سیزن کیلئے ہوئی نیلامی میں سب سے مہنگا کھلاڑی 12لاکھ روپے میں فروخت ہوا تھا وہیں اس بار کی نیلامی میں ایک نہیں بلکہ6کھلاڑیوں کو ایک کروڑ یا اس سے زائد کی رقم میں خریدا گیا۔ مونو گویت کے علاوہ تیلگو ٹائٹنس نے راہل چودھری کو 1.29 کروڑ، جے پور پنک پینتھرس نے دیپک نواس ہڈا کو 1.15 کروڑ ، پنیری پلٹنس نے نتن تومر کو 1.15 کروڑ ،یوپی نے رشاک دیواڈگا کو 1.11 کروڑ اور ایران کے فضل اتراچلی کو یو ممبا نے ایک کروڑ روپے میں خریدا۔

کبڈی کے کھلاڑیوں کو ملی اس قیمت سے کبڈی کے جانکار تو حیران ہیں ہی خود ان کھلاڑیوں کو یقین نہیں ہو رہا ہے کہ انہیں اتنی بڑی رقم میں خریدا گیا ہے۔جس ملک میں گنے چنے لوگوں کو ہی کبڈی کے کسی کھلاڑی کا نام معلوم ہو وہاں کبڈی لیگ کے لیے کسی ایک کھلاڑی کو اتنے پیسے ملنا اس بات کی علامت ہے کہ اب ہندوستان میں کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں کے بھی اچھے دن آنے والے ہیں۔

ٹینس کھلاڑیوں خاص طور پر خاتون کھلاڑیوں کی ڈریس ہمیشہ توجہ کا مرکز رہےہیں۔دنیا کی بڑی بڑی اسٹار ٹینس کھلاڑیوں نے کورٹ پر اپنی خاص ڈریس سے ٹینس شائقین کو اپنی طرف کھینچا ہے مگر اس بار ماں بننے کے بعد کورٹ پر واپسی کرنے والی سیرینا ولیمز کے ایک خاص ڈریس نے ہنگامہ مچایا ہوا ہے۔ویسے تو شائقین سیرینا کی ڈریس کو خوب پسند کر رہے ہیں مگر ایسا مانا جا رہا ہے ان کی یہ ڈریس ٹینس کی قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے اور انہیں اسے پہنے سے روکا جا سکتا ہے۔فرنچ اوپن میں بلیک پینتھر والے کیٹ سوٹ پہن کر حالانکہ سیرینا سپر ہیرو اور ویریئر پرنسز جیسی نظر آ رہی تھیں مگر انہیں اس ڈریس کو آگے بھی پہننے کی اجازت ملتی ہے یا نہیں یہ دیکھنا بڑا دلچسپ ہوگا۔

فوٹو : www.realmadrid.com

فوٹو : www.realmadrid.com

چمپئنس لیگ کے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریال میڈرڈ نے لیور پول کو شکست دے کر لگاتار تیسری بار یہ خطاب حاصل کر لیا۔ریال میڈر کا یہ کل ملا کرتیرہواں اور گزشتہ پانچ سالوں میں چوتھا خطاب ہے۔ریال کے علاوہ صرف دو ایسے کلب ہوئے ہیں جنہیں چمپئنس لیگ میں ہیٹ ٹرک خطاب جیتنے کا شرف حاصل ہے۔انڈین پریمیئر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا خطاب چنئی سپر کنگ نے جیت لیا۔فائنل میں اس نے پہلی بار فائنل کھیل رہی سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم کو ہرایا۔اس خطاب کے ساتھ ہی اب چنئی کی ٹیم تین آئی پی ایل خطاب حاصل کر چکی ہے۔گیارہویں ایڈیشن میں سب سے زیادہ رن کین ولیمسن نے بنائے جبکہ سب سے زیادہ وکٹ کنگز الیون پنجاب کے انڈریو ٹائی نے حاصل کئے۔سنیل نارائن کو موٹ ویلیو ایبل پلیئر جبکہ رشبھ پنت کو موسٹ اسٹائلش پلیئر کا ایوارڈ ملا۔

فوٹو: بی سی سی آئی

فوٹو: بی سی سی آئی

ایک طرف جہاں چنئی کی ٹیم نے خطاب حاصل کیا وہیں دہلی کی ٹیم ٹیبل میں سب سے نچلے نمبر پر رہی۔اس تعلق سے دہلی کی کپتانی کرنے والے اور میچوں میں ناکامی کے بعد استعفیٰ دینے والے گوتم گمبھیر نے کہا کہ چنئی نے خطاب جیتا اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ وہاں اس کپتان دھونی کی چلتی ہے اور وہی اپنی مرضی سے جو چاہتے ہیں فیصلہ لیتے ہیں جبکہ دوسری ٹیموں کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ وہاں ایک تو مالکان بہت دخل دیتے ہیں اور دوسرے وہ ہر حال میں جیت کو ہی پسند کرتے ہیں اور ہر چیز کو’ ریٹرن آن انویسٹمنٹ‘ کے پیمانے سے دیکھتے ہیں۔

راشد خان/ فوٹو : رائٹرز

راشد خان/ فوٹو : رائٹرز

14جون کو بنگلور میں ہندوستان کے خلاف ٹسٹ کھیلنے کے ساتھ ہی افغانستان کی ٹیم بھی ٹسٹ میچ کھیلنے والی ٹیموں میں شامل ہو جائے گی۔اس کے لئے دونوں ہی ٹیموں کا اعلان ہو چکا ہے۔حالانکہ اس بات کی پوری امید ہے کہ ہندوستان کیلئے اس میچ میں افغانستان کو شکست دینا کوئی بہت مشکل کام نہیں ہوگا مگر خود ہندوستان کے کپتان اجنکیا رہانے مانتے ہیں کہ ہم افغانستان کی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔افغانستان کے اسپن گیند باز راشد خان نے تو ان دنوں کچھ ایسی دھوم مچا رکھی ہے کہ ہر کوئی اس بات سے ڈرا ہوا ہے کہ کہیں وہ ہندوستان کیلئے مشکلیں نہ پیدا کر دے۔راشد خان ان دنوں پوری دنیا کے چہیتے بنے ہوئے ہیں ۔گزشتہ دنوں تو انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ افغانستان میں صدر کے بعد سب سے زیادہ میری شہرت ہے۔