خبریں

اپنی ہی پارٹی کے خلاف مظاہرہ کریں گے بی جے پی ایم پی اور ایم ایل اے

اتر پردیش کے بلیا ضلع‎ کے سلیم پور سے بی جے پی رکن پارلیامان روندر کشواہا اور بیریا سے ایم ایل اے سریندر سنگھ نے اپنےاپنے لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں سے مختلف مانگوں کو لےکر اپنی ہی حکومتوں کی گھیرابندی کرنے کی تیاری کر لی ہے۔

روندر کشواہ (بائیں) اور سریندر سنگھ (بائیں)، (فوٹو بشکریہ : Loksabha.nic.in اور اے این آئی)

روندر کشواہ (بائیں) اور سریندر سنگھ (بائیں)، (فوٹو بشکریہ : Loksabha.nic.in اور اے این آئی)

نئی دہلی : بی جے پی رکن پارلیامان روندر کشواہا اور ایم ایل اے سریندر سنگھ نے الگ الگ وجہوں سے اپنی ہی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے  کا اعلان کیا ہے۔ بلیا ضلع کے سلیم پور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیامان کشواہا نے اپنے پارلیامانی حلقہ کے بلتھرا روڑ اور سلیم پور میں کچھ ٹرینوں کے ٹھہراؤ کی مانگ کو لےکر اگلے مہینہ ممکنہ پارلیامنٹ  کے مانسون سیشن کے دوران پارلیامنٹ کے احاطے میں  مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

کشواہا نے سنیچر کی رات بات چیت میں کہا کہ عوام کا دباؤ ہے کہ ان کے پارلیامانی حلقہ کے بلتھرا روڑ اور سلیم پور ریلوے اسٹیشن پر کئی ٹرینوں کا ٹھہراؤ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں ریل کے وزیر پیوش گوئل کو 8 بار خط لکھ چکے ہیں۔ پارلیامنٹ  کے پچھلے سیشن کے اختتام پر گوئل کے ذریعے بلائی گئی میٹنگ میں بھی انہوں نے اس مسئلے کو اٹھایا تھا، پھر بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ ٹھہراؤ کااعلان نہ ہونے سے عوام میں حکومت کی امیج تو خراب  ہو ہی رہی ہے، خود ان کے متعلق بھی ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے پارلیامنٹ  کے آئندہ مانسون سیشن میں مجسمہ کے سامنے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر، بیریا سے مشہور بی جے پی ایم ایل اے سریندر سنگھ نے بھی ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے خلاف تلخ تیور اختیار کیا ہے۔ ایم ایل اے نے بیریا تحصیل میں بد عنوانی عروج پر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے اس کی مخالفت میں 5جون کو تحصیل کے احاطے میں مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔