خبریں

گجرات میں’ کرسی پر بیٹھنے ‘کو لےکر دلت خاتون پر حملہ

مقامی میڈیا کے مطابق ملزم گزشتہ  مہینے متاثر ہ خاتون کے رشتہ دار کے ذریعے اپنے نام میں ‘ سنگھ ‘ جوڑنے کو لےکر درج کروائی گئی شکایت سے ناراض تھے۔

Velthera-Gujarat

نئی دہلی : گجرات کے احمد آباد ضلع  میں ایک پنچایت کے دفتر میں کرسی پر بیٹھنے کو لےکر بھیڑ نے ایک دلت خاتون پر مبینہ طور پر حملہ کیا۔ پولیس نے جمعہ کو  بتایا کہ واردات  2 دن پہلے ولتھرا گاؤں میں ہوئی ۔ پولیس نے بتایا کہ آنگن واڑی میں کام کرنے والی  پلوی بین جادھو (48) کو آدھار کارڈ تقسیم کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ کوٹھ پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق دربار کمیونٹی سے آنے والے جے راج سنگھ ویگڈ یہ دیکھ‌کر ناراض ہو گئے کہ پلوی بین کام کے دوران کرسی پر بیٹھی ہوئی ہیں۔

پلوی بین کے شوہر گنپت جادھو کی طرف سے درج شکایت کے مطابق جے راج نے سوال کیا کہ ایک دلت ہوتے ہوئے وہ کرسی پر کیوں بیٹھی ہوئی ہے۔ اس کے بعد جے راج  نے کرسی کو پیر سے مارا جس سے پلوی بین گر گئیں۔ الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے پلوی کو ان کی ذات سے متعلق  گالیاں دیتے ہوئے مارپیٹ بھی کی۔ اس کے بعد  شام میں جے راج اور تقریباً 25 دوسرے لوگ  خاتون کے گھر گئے اور فیملی کے ممبروں پر ڈنڈوں اور دھاردار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

ٹائمس آف انڈیا کی خبر کے مطابق متاثرہ پلوی مولک جادھو کی رشتہ دار ہیں، جنہوں نے پچھلے مہینے اپنے نام کے ساتھ ‘ سنگھ ‘ جوڑنے پر دربار کمیونٹی کے ذریعے حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ مولک نے اس اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘ پچھلے مہینے میرے نام کے ساتھ ‘ سنگھ ‘ جوڑنے پر ان کی  کمیونٹی کے لوگوں کے اعتراض کو لےکر درج کروائی گئی شکایت کے بعد سے دربار کمیونٹی کے لوگ دلتوں کو پریشان کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس خاتون کو بری طرح مارا گیا وہ میری رشتے دار ہے ۔ ان کے سر پر سنگین چوٹیں آئی ہیں، ان کا ایک نجی  ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ ‘

پولیس نے آئی پی سی کی دفعات کے تحت قتل کی کوشش اور ڈکیتی اور Scheduled Caste Scheduled Tribes (Prevention of Atrocities) Act کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ( ایس سی ایس ٹی  سیل، احمد آباد) پی ڈی منوار نے کہا، ‘ یہ بھی الزام ہے کہ ملزم پلوی بین کا منگل سوتر بھی چھین لیا گیا۔ ملزمین نے جادھو کے ایک رشتہ دار کو مبینہ طور پر آگ لگانے کی بھی کوشش کی۔ ‘

معاملے کی جانچ‌کر رہے منوار نے کہا کہ جمعہ کو تین لوگوں  کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وہیں ملزم فریق کی طرف سے بھی پلوی کی فیملی پر مارپیٹ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ منوار نے بتایا کہ ایف آئی آر میں ملزم کے طور پر بھرت ویگڈ نے بعد میں پلوی بین اور ان کے شوہر کے خلاف ایک شکایت درج کراکر الزام لگایا کہ میاں بیوی اور ان کے رشتےداروں نے اس پر اور دوسروں  پر حملہ کیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)