خبریں

بی جے پی ایم ایل اے نےکانسٹبل کو پیٹا، دی جان سے مارنے کی دھمکی

مدھیہ پردیش دیواس ضلع کے ادے نگر میں ہوئی واردات ،ایم ایل اے کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور مار پیٹ کا معاملہ درج ۔

ٖفوٹو: فیس بک

ٖفوٹو: فیس بک

نئی دہلی :مدھیہ پردیش کے دیواس ضلع کی باگلی حلقہ اسمبلی کے بی جے پی کے ایم ایل اے چمپالال دیوڑانے جمعرات کو دیر رات ضلع کے ادےنگر تھانے میں ڈیوٹی پر تعینات ایک پولیس کانسٹبل کی مبینہ طور پر پٹائی کر دی۔ ادے نگر تھانہ دیواس سے تقریباً 110 کلومیٹر دور ہے۔ دیوڑا اپنے کچھ حامیوں کے ساتھ وہاں گئے تھے۔ جمعہ کو صبح دیوڑا اور اس کے دوستوں پر سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور مارپیٹ کرنے کا کیس درج کیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ، ایم ایل اے دیوڑا کے بھتیجے کا ادے نگر پولیس تھانے میں تعینات کانسٹبل سنتوش ایوناتی سے لڑائی ہو گئی تھی۔اس کی اطلاع ملنے پر دیوڑا خود تھانے میں گئے اور سنتوش ایوناتی کو دو تھپڑ جڑ دئے۔ دوسرے  لوگوں نے بھی اس کی پٹائی کی۔ مارپیٹ کا یہ واقعہ تھانے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا۔

سنتوش کے مطابق دیوڑا کا بھتیجا پولیس تھانے میں آیا اور ممنوعہ علاقے میں ایک دوسرے  ملزم سے اس نے پانی کی بوتل لی۔اس پر سنتوش نے اس کا مقصد پوچھا۔جس  پر ملزم نے ایم ایل اے کو خبر کر دی۔سارا واقعہ پولیس تھانے کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے۔ادے نگر پولیس تھانہ انچارج شیو رگھو ونشی نے بتایا، کہ فریادی سنتوش ایوناتی کی رپورٹ پر ایم ایل اے چمپالال دیوڑا اور ان کے دوستوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 353، 332، 294، 506 اور 34 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جو بھی قصوروار پایا جاتا ہے، اس کے خلاف کارروائی کی جائے‌گی۔

بی جے پی کے دیواس ضلع کے ترجمان شمبھو اگروال نے بتایا، ” اس معاملے میں غیر جانبدارانہ جانچ‌کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔ ایم ایل اے کی اس طرح کی کوئی پرانی تاریخ نہیں رہی ہے۔ وہ بہت خوش اخلاق  انسان ہیں۔ “آج تک کے مطابق، بی جے پی ایم ایل پر کانسٹبل کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا بھی الزام ہے۔ پولیس نے سارے ثبوت اور گواہ ہونے کے باوجود 12 گھنٹے بعد ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے چمپا لال دیوڑا کا موبائل فون بند ہے اور ان کا پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔