خبریں

پی این بی فراڈ: سی بی آئی کو نہیں معلوم کہ نیرو مودی اس وقت کہاں ہیں

میڈیا رپورٹس کا دعویٰ ہے کہ نیرو مودی نے برٹن میں سیاسی پناہ مانگی ہے۔ 13 ہزار کروڑ سے زیادہ کے فراڈ کا الزام ہے۔

Photo: Nirav Modi Jewels/Facebook

Photo: Nirav Modi Jewels/Facebook

نئی دہلی: ملک چھوڑ کر بھاگ چکے اربوں روپے کے گھوٹالے کے ملزم ہیرا کاروباری نیرو مودی کہاں ہیں، حکومت ہند کو اس کی جانکاری نہیں ہے۔ سی بی آئی ذرائع کے حوالے سے یہ خبر اس وقت آئی ہے جب ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیرو مودی برٹن میں ہے اور وہاں اس نے ہندوستان میں سیاسی بدلے کا دعویٰ کرتے ہوئے سیاسی پناہ کی مانگ کی ہے۔ واضح ہو کہ نیرو پر اپنے رشتہ دار میہل چوکسی کے ساتھ مل کر پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ 13 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا فراڈ کرنے کا الزام ہے۔

سی بی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ایجنسی کے پاس واضح طور پر یہ جانکاری نہیں ہے کہ نیرو مودی کہاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق جس ملک میں بھی نیرو مودی کے موجود ہونے کی جانکاری ملے گی ،آگے کی کارروائی فوراً شروع کر دی جائے گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیرو مودی اور میہل چوکسی کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس پروسیس میں ہے۔ سی بی آئی نے انٹرپول سے دونوں کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس(آر سی این) جاری کرنے کو کہا ہے۔

سوموار کو انگریزی اخبار The Financial Timesنے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا  ہے کہ ‘ ہندوستان اور برٹن کے افسر کہہ رہے ہیں کہ وہ (نیرو مودی)لندن میں ہے۔ یہاں اس کی کمپنی کا ایک اسٹور ہے ۔ وہ یہاں سیاسی پناہ پانے کی کوشش کر رہا ہے۔’ برٹن کے فارین آفیس کے ایک سینئر افسر کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘ ہمیشہ ایسے پیچیدہ معاملے ہوتے ہیں جو ہندوستان کے ساتھ ہمارے تعلقات میں تھوڑی کشیدگی جوڑ دیتے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے پاس قانونی پروسیس اور ہیومن رائٹس قانون ہیں جس پر عمل ہونا چاہیے۔’

غور طلب ہے کہ ای ڈی اور سی بی آئی نے اس معاملے میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ ایجنسی اس معاملے میں منی لانڈرنگ کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ ہندوستان پہلے سے ہی شراب کاروباری وجے مالیا کے برٹن سے مجرم کی تحویل دیے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پر بھی ملک کے بینکوں کا قریب 9 ہزار کروڑ روپے کا قرض جان بوجھ کر نہیں چکانے کا معاملہ چل رہا ہے۔ مالیا بھی ملک چھوڑ کر بھاگ چکا ہے لیکن فی الحال وہ برٹن کی عدالت میں ہندوستان کو سونپے جانے سے متعلق معاملے کا سامنا کر رہا ہے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)