خبریں

مدھیہ پردیش الیکشن: بی ایس پی کانگریس کے بغیر اکیلے ہی 230 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی

ایک تجزیے کے مطابق اگر بی ایس پی اور کانگریس آئندہ الیکشن ساتھ ساتھ لڑتے ہیں تو دونوں پارٹیوں کو فائدہ ہوگا۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی : بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں اس سال نومبر میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کے لیے کانگریس کے ساتھ اس کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے ۔مدھیہ پردیش بی ایس پی صدر نرمدا پرساد اہیروار نے کہا ہے کہ ؛مجھے میڈیاسے پتا چلا ہے کہ کانگریس لیڈر کہہ رہے ہیں کہ آئندہ اسمبلی الیکشن کے لیے بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کے لیے کانگریس کی بات چیت چل رہی ہے ۔میں صاف کر دینا چاہتا ہوں کہ اس اتحاد کے بارے میں ریاستی سطح پر ہماری کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے اور جہاں تک مجھے معلوم ہے مرکزی سطح پر بھی نہیں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا ؛کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کے بارے میں مجھے مرکزی قیادت سے اب تک کوئی ہدایت نہیں ملی ہے ۔اہیر وار نے بتایا ،ہم ریاست کے تمام 230 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے،یہ ہماری آج کی صورت حال ہے۔اس بیچ مدھیہ پردیش کانگریس کے میڈیا انچارج مانک اگروال نے کہا ہےکہ ؛اتحاد کرنے کے بارے میں ہم نے کسی پارٹی کا نام نہیں لیا ۔ہماری پارٹی نے صرف اتنا کہا ہے کہ کانگریس یکساں خیالات والی پارٹیوں سے مدھیہ پردیش میں اتحاد کرنے کی کوشش کرے گی ۔ہم نے کبھی بی ایس پی کا نام نہیں لیا۔

غور طلب ہے کہ ہندوستان ٹائمز کے ایک تجزیے کے مطابق اگر بی ایس پی اور کانگریس آئندہ الیکشن ساتھ ساتھ لڑتے ہیں تو دونوں پارٹیوں کو فائدہ ہوگا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)