عالمی خبریں

پوری دنیا میں تقریباً 7 کروڑ افراد گھر چھوڑنے کو مجبور

ان بے گھر افراد میں سے 70 فیصد کا تعلق صرف 10 ملکوں سے ہے۔ جس میں سیریا، میانمار ، ایران، جنوبی سوڈان وغیرہ شامل ہیں۔

فوٹو : یو این ایچ سی آر

فوٹو : یو این ایچ سی آر

نئی دہلی : خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ؛میانمار اور سیریا سمیت دنیا بھر میں جنگ، تشدد اور استحصال کی وجہ سے 6 کروڑ 85 لاکھ لوگ اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ یہ اطلاع اقوام متحدہ کے رفیوجیوں کے لیے کام کرنے والی ایجنسی UNHCR کی ایک تازہ رپورٹ میں دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، 2017 کے آخر تک  سال  2016 کے مقابلے میں  گھر بدر ہونے والوں کی تعداد کم از کم 30 لاکھ زیادہ ہے۔

 ایک دہائی پہلے 4 کروڑ 27 لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔ گزشتہ   10 سالوں میں بے گھرلوگوں  کی تعداد میں 50 فیصدی  کا اضافہ ہوا ہے۔اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تعداد تھائی لینڈ کی کل آبادی کے برابر ہے۔

دوسرے لفظوں میں دنیا کے ہر 110 شخص میں سے ایک آدمی بے گھر ہے۔ اس معاملہ میں UNHCR کے کمشنر فلپو گڑانڈی کا کہنا ہے کہ، ہم ایسے وقت سے گزر رہے ہیں جب دنیا بھر کے بے گھر ہوگئے لوگوں کی بہتری کے لئے ایک وسیع نقطہ نظر کی ضرورت ہے تاکہ یہ بے بس لوگ اپنے حالات سے نمٹنے  میں اکیلے نہ پڑ جائے۔

غور طلب ہے کہ ان بے گھر افراد میں سے 70 فیصد کا تعلق صرف 10 ملکوں سے ہے۔ جس میں سیریا، میانمار ، ایران، جنوبی سوڈان وغیرہ شامل ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)