خبریں

دہلی : ہاؤسنگ اسکیم کے لیے16 ہزار پیڑ کاٹنے پر فی الحال ہائی کورٹ کی روک

جنوبی دہلی کی 6 کالونیوں میں  ہاؤسنگ اسکیم کے لیے  16 ہزار پیڑ کاٹنے  پر ہائی کورٹ نے 4 جولائی تک روک لگا دی ہے۔

(فوٹو : پی ٹی آئی)

(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی:  جنوبی دہلی کی 6 کالونیوں میں ہاؤسنگ اسکیم  کے لیے 16 ہزار پیڑ کاٹنے پر ہائی کورٹ نے فی الحال روک لگا دی ہے۔کورٹ نے کہا ہے کہ این جی ٹی(نیشنل گرین ٹربیونل ) میں معاملے کی شنوائی تک روک لگائے۔ دہلی ہائی کورٹ نے این بی سی سی کے پیڑ کاٹنے پر سوال اٹھائے ہیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق،  ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ مکان بنانے کے لیے ہزاروں پیڑ کاٹنا چاہتے ہیں اور کیا دہلی اس کو برداشت کر سکتی ہے۔ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر روڈ بنانے کے لیے پیڑ کاٹنے ہوتے تو ٹھیک تھا۔

کورٹ نے این بی سی سی(نیشنل بلڈنگس کنسٹرکشن کارپوریشن ) کو کہا ہے کہ آپ تو صرف ایجنسی ہیں جو کام کر رہی ہے۔ ہم سرکاری ایجنسی کی بات سننا چاہتے ہیں ۔ این جی ٹی کا آرڈر کہا ں ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ پیڑ کاٹ سکتے ہیں ۔ این بی سی سی کی طرف سے کورٹ میں کہا گیا کہ 2 جولائی کو معاملہ این جی ٹی میں سماعت کے لیے آئے گا۔ ہائی کورٹ کو معاملے کی شنوائی نہیں کرنی چاہیے۔ ٹری اتھارٹی نے بھی پیڑ کاٹنے کی اجازت دی ہے۔ ہم نے 8 کروڑ روپے ڈی ڈی اے میں جمع بھی کرائے ہیں ۔ دہلی ہائی کورٹ کے دخل کے بعد این بی سی سی کی انڈر ٹیکنگ دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 4 جولائی تک دہلی میں پیڑ نہیں کاٹے جائیں گے۔ اس معاملے کی شنوائی این جی ٹی میں 2 جولائی کو ہونی ہے۔

واضح ہو کہ جنوبی دہلی کی 7 بڑی ہاؤسنگ اسکیم کے لیے یہاں 16500 پیڑ کاٹنے کی بات ہو رہی ہے۔ لائیو ہندوستان کے مطابق، اس کے تحت سب سے زیادہ پیڑ سروجنی نگر میں کاٹے جائیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہاں کے 13128 درختوں میں سے 11 ہزار کو اسکیم کےلیے کاٹ دیا جائے گا۔ ان اسکیموں کو سرکاری کمپنی این بی سی سی پورا کرے گی۔ غور طلب ہے کہ اس کے خلاف   اتوار کی شام جنوبی دہلی واقع سروجنی نگر پالیکا چوراہے پر مقامی لوگوں اور ماحولیات کے ماہرین نے درختوں سے چپک کر مظاہرہ کیا اور پیڑ کو بچانے کی اپیل کی۔ مظاہرے میں مختلف تنظیموں کے علاوہ عام آدمی پارٹی  کے ایم ایل اے اور کارکن بھی موجود تھے۔

دریں اثنا دہلی حکومت کے انوائرمنٹ اینڈ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ نے دہلی کے انوائرمنٹ اینڈ فاریسٹ منسٹر عمران حسین  کو جو اسٹیٹس رپورٹ دی ہے اس کے مطابق، کل ملاکر ابھی تک 4871درختوں کو کاٹنےکی منظوری دی گئی ، جس میں سے کل 2627 پیڑ ہی ابھی تک کاٹے گئے ہیں۔ جو پیڑ ابھی تک کاٹے گئے ہیں اس کے بدلے پیڑ کہاں لگائے گئے ہیں ،اس کی جانکاری ابھی نہیں ہے۔ واضح ہو کہ دہلی میں ایک کے بدلے 10 پیڑ لگانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔