ادبستان

آسکر اکیڈمی نے شاہ رخ اور نصیر سمیت 928نئے فن کاروں کو ممبر شپ کی دعوت دی

آسکر ایوارڈ یافتہ  اے آر رحمان، عرفان خان، امیتابھ بچن اور عامر خان پہلے سے ہی اکیڈمی کے ممبر ہیں۔

فوٹو: ganatunes.com

فوٹو: ganatunes.com

نئی دہلی :آسکر ایوارڈکے لیے معروف اکیڈمی موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسیزنے شاہ رخ خان،نصیر الدین شاہ اورتبوسمیت 59ملکوں کے 928فن کار اور آرٹسٹ کو اکیڈمی کی ممبر شپ کے لیے مد عو کیاہے۔

ہندوستان سے اس فہرست میں شاہ رخ خان،نصیر الدین شاہ اورتبو کے علاوہ مادھوری دکشت، انل کپور، علی فضل اور بنگالی اداکار سومتر چٹرجی اور مادھوی مکھرجی کے نام شامل ہیں۔اس لسٹ میں پروڈیوسر آدتیہ چوپڑہ اور گنیت مونگا کے نام بھی شامل ہیں۔ غور طلب ہے کہ ان فن کاروں میں 49 فیصد خواتین ہیں جب کہ 38 فیصد سیاہ فام نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔

آسکر اکیڈمی کے اس قدم کو اپنا دائرہ وسیع کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اکیڈمی نے اپنے ایک بیان  میں کہا ہے کہ نئے ممبروں کے آنے سے اکیڈمی میں تنوع پیدا ہوگا۔ واضح ہو کہ 2016 میں اکیڈمی پر یہ الزام عائد کئے گئے تھے کہ اس اکیڈمی میں سیاہ فام نسل کے فنکاروں کو نظر انداز کیا جا تا ہے۔ اس کے بعد سے ہی اکیڈمی اپنا دئرہ کار بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

آسکر اکیڈمی کا ممبر بنائے جانے پر اداکار علی فضل نے ٹوئٹ کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے ؛نامور لوگوں کے ساتھ شامل ہونا میری بڑی خوش نصیبی ہے۔ اس ممبر شپ کے لئے اکیڈمی کا شکریہ۔ میں اس دوستی کو لمبے وقت تک برقرار رکھنے کی امید کرتا ہوں۔ ہندوستان کی طرف سے محبتیں ۔اسی طرح لنچ باکس اور مسان جیسی فلموں کی پروڈیوسر گنیت مونگا نے ٹوئٹر پر لکھا  ہے کہ ؛ممبر شپ کے لیے اکیڈمی کی دعوت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

دی ہندو کی ایک خبر کے مطابق ؛کاسٹیوم ڈیزائنر منیش ملہوترا، ڈولی اہلووالیا، سنیماٹوگرافر انل مہتہ، پروڈکشن ڈایزائنر سبرت چکربرتی اور امت رے کو اکیڈمی کی اس ممبر شپ لسٹ میں شامل ہیں۔ دریں اثنا آسکر ایوارڈ پانے والے اے آر رحمان، عرفان خان، امیتابھ بچن اور عامر خان پہلے سے ہی اکیڈمی کے ممبر ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)