خبریں

4 سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ممالک سفر پر خرچ ہوئے 355 کروڑ روپے

آر ٹی آئی کے تحت ملی جانکاری کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی اب تک 52 ممالک  کا سفر کر چکے ہیں ۔ اس دوران کل 165 دن وہ بیرون ملک میں گزار چکے ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: اپنے 48 مہینوں کی مدت   میں وزیراعظم نریندر مودی نے 41 غیر ممالک   کے سفر کے دوران 50 سے زیادہ ملکوں  کا دورہ کیا ۔ ان کے اس سفر پر 355 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں اور اس دوران وزیر اعظم نے کل 165 دن غیر ممالک میں گزارے ہیں۔ آر ٹی آئی کے تحت مانگی گئی جانکاری سے اس بارے میں پتہ چلا ہے۔ 15 جون 2015 کے بعد کے ان سفروں  پر کل 3553038465 روپے خرچ ہوئے ۔

 دی نیو انڈین ایکسپریس رپورٹ کے مطابق،آر ٹی آئی کارکن بھیمپا  گد نے پی ایم او سے اس بارے میں جانکاری مانگی اور اس کو اخبار  کے ساتھ شیئر کیا۔ رپورٹ کے مطابق، ان 44 غیر ممالک کے سفر کے دوران وزیراعظم 52 ملکوں میں گئے۔ اس میں سب سے زیادہ 8 دن انھوں نے فرانس ، جرمنی اور کناڈا میں گزارے۔ مودی نے ان 3 ممالک  کا سفر اپریل 2015 میں کیا تھا۔

فوٹو: بہ شکریہ دی نیو انڈین ایکسپریس

فوٹو: بہ شکریہ دی نیو انڈین ایکسپریس

3 ملکوں کا یہ سفر مودی کا سب سے خرچیلا سفر ہے۔ 2014 میں وزیر اعظم کے بھوٹان کے سفر پر سب سے کم خرچ آیا۔ 15 اور 16 جون 2015 کوبھوٹان کے سفر میں کل 2 کروڑ 45 لاکھ ،27 ہزار، 465 روپے خرچ ہوئے۔ آر ٹی آئی کارکن بھیمپا نے بتایا ،’ میں نے  کچھ رپورٹ پڑھی تھی جس میں مودی کے غیر ممالک کے سفروں کی مذمت کی گئی تھی ۔ اس کے بعد میں نےپی ایم او سے ان کے غیر ممالک کے سفروں کے بارے میں جانکاری مانگی تھی۔   ‘

وزیراعظم کے گھریلو سفر کے بارے میں جانکاری نہ دیے جانے پر بھیمپا مایوس ہیں۔ انھوں نے کہا،’ گھریلو سفروں اور اس دوران وزیر اعظم کے تحفظ پر کیے گئے خرچ  کے بارے میں سکیورٹی کی وجہ بتا کر جانکاری نہیں دی گئی۔ حالانکہ میں نے صرف خرچ کی جانکاری مانگی تھی لیکن پی ایم او کی طرف سے یہ کہہ کر منا کر دیا گیا کہ ایس پی جی سکیورٹی گروپ وزیر اعظم کا تحفظ کرتا ہےاور آر ٹی آئی سے اس کو چھوٹ دی گئی ہے۔ ‘ بھیمپا نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت کو ان غیر ممالک سفروں سے ملک کو ہوئے فائدے کی جانکاری عوام کو  بتائی جانی چاہیے۔