خبریں

بچہ چوری معاملہ : مہاراشٹرمیں5 لوگوں کی ماب لنچنگ کے بعد چنئی میں 2 مزدوروں کی پٹائی

ملک بھر سے بچہ چوری کے شک میں بھیڑ کے ذریعے مار پیٹ اور مار دینے کی خبریں موصول ہورہی ہیں ۔مہاراشٹر میں 5 لوگوں کو پیٹ پیٹ کر ماردینے کے بعد اب چنئی میں  بھیڑ نے 2 لوگوں کی جم کر پٹائی کر دی ہے۔

علامتی فوٹو: رائٹرس

علامتی فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی:مہاراشٹر کے دُھلے میں بچہ چوری کے شک میں پیٹ پیٹ کر 5 لوگوں کو مار دینے کے بعد اب چنئی میں بھیڑ نے 2 لوگوں کی پٹائی کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں مزدور ہیں اور چنئی میٹرو میں کام کرتے تھے۔ اس معاملے میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر دوسرے ملزم کی تلاش کی جارہی ہے ۔

غور طلب ہے کہ اتوار کو ہی مہاراشٹر کے دُھلے میں ساکری تحصیل کے راعین پاڑہ گاؤں میں 5 انجانے لوگوں کو مشتبہ حالات میں دیکھ کر گاؤں والوں نے ان کو بچہ چور سمجھ کر پہلے اینٹ پتھر سے مارا اور اس کے بعد کمرے میں بند کرکے بے رحمی سے پیٹا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کو اتنا مارا گیا کہ وہیں ان 5 لوگوں نے دم توڑ دیا ۔دُھلے کئ ایس پی کے مطابق قتل کا معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے 12لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ؛ دُھلے کے ایس پی ایم رام کمار نے بتایا کہ متاثرین خانہ بدوش تھے اور بازار میں بھیک مانگنے آئے تھے۔35 لوگوں پر معاملہ درج کیا گیا ہے ،جن میں 12ملزم راعین پاڑہ گاؤں کے ہیں ۔ان لوگون پر دفعہ 302کے ساتھ فساد کرنے کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

دریں اثنا آسام کے سونت پور میں ایک گاؤں کی بھیڑ نے ذہنی طور پر کمزور ایک عورت کو بچہ چور سمجھ کر کھنبے سے باندھ کر پٹائی کی ۔سونت پور کے ایس پی پی سنگھ  نے خبر رساں ایجنسی بھاشا کو بتایا کہ یہ جمعہ کی رات اس کو وقت ہوا جب سونت پور ضلع کے  تھیل مارا پولیس تھانہ حلقہ میں ایک گاؤں کے آس پاس اس عور ت کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔

سنگھ نے مزید بتایا کہ کچھ لوگوں نے اس سے پوچھ تاچھ کی ،لیکن ذہنی طو رپر کمزور ہونے کی وجہ سے اس نے ٹھیک سے جواب نہیں دیا ،پھر لوگوں نے اس کو بچہ چور سمجھ کر پٹائی کی۔سنگھ نے مزید بتایا کہ ہماری ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور عورت کو بچایا ۔وہ معمولی طور پر گھائل ہوئی ہے اور اس کا علاج ہاسپٹل میں چل رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ تین دن پہلے گجرات میں کے احمد آباد میں بچہ چرانے کے شک میں بھیڑ نے ایک 40سالہ عورت کو پیٹ پیٹ کر مار دیا تھا۔