خبریں

بہار: نابالغ سے پرنسپل ،ٹیچر اور طلبا سمیت 18 لوگوں نے 7 مہینے تک کیا گینگ ریپ

بہار کے چھپرا ضلع کے ایک اسکول کی طالبہ نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ 7 مہینے سے اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا جا رہا ہے اور اس کو بلیک میل بھی کیا جا رہا ہے۔معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد 18 ملزموں میں سے 6 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

bihar-rape

نئی دہلی: بہار کے چھپرا ضلع کے ایک اسکول کی طالبہ نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ 7 مہینے سے اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا جا رہا ہے اور اس کو بلیک میل بھی کیا جا رہا ہے۔ یہ معاملہ چھپرا ضلع کے ایکما تھانہ حلقہ  کا ہے۔ چھپرا صدر کے ڈی ایس پی اے کے سنگھ نے بتایا کہ بہار کے سارن میں ایک اسکول کی نابالغ طالبہ سے ریپ کے معاملے میں 18 ملزموں میں سے 6 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس پورے معاملے میں گینگ ریپ اور بلیک میل کرنے کا معاملہ درج ہوا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق؛  ایکما تھانہ کے پرسا گڑھ اسکول میں پڑھنے والی دسویں کی طالبہ نے اپنی  شکایت میں کہا ہے کہ دسمبر 2017 میں اس کے ساتھ اسی کی کلاس کے ایک لڑکے نے ریپ کیا۔ اس کے بعد اسی کی بلیک میلنگ کر کلاس کے 5-4 لڑکوں کے علاوہ 2 اساتذہ اور پرنسپل نے بھی طالبہ کا جنسی استحصال کیا۔ طالبہ نے  بتایا کہ یہ سلسلہ گزشتہ 6 مہینے سے چلتا آرہا ہے۔

13 سالہ طالبہ نے اپنے والد کے ساتھ جمعہ کو ایکما تھانے میں پہنچ کر تھانےدار انوج کمار سنگھ کو جب اپنی آپ بیتی سنائی تو تھانہ  انچارچ کے ہوش اڑ گئے ۔ آناً فاناً میں اس کی اطلاع وومین پولیس اسٹیشن کو دے کر طالبہ کا بیان درج کیا گیا۔ وومین تھانہ انچارج نے طالبہ کو اپنے ساتھ لے جاکر چھپرا صدر ہاسپیٹل میں میڈیکل جانچ کروائی۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے سول سرجن نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کر نابالغ کی جانچ کروائی۔

پربھات خبر کے مطابق، متاثرہ طالبہ کو وومین تھانہ کی پولیس کسٹڈی میں رکھا گیا ہے۔ طالبہ کا بیان سنیچر کو کورٹ میں درج کرایا جائے گا۔ طالبہ 10 ویں میں پڑھتی ہے۔وہیں سارن کے ایس ڈی پی او اجے کمار سنگھ نے اپنی ٹیم کے ساتھ ایکما تھانہ کے پرسا گڑھ پہنچ کر اسکول کے پرنسپل سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے کے فرار ملزم کی تلاش میں پولیس چھاپے ماری کر رہی ہے۔