خبریں

مالیگاؤں : ماب لنچنگ سے بچانے کے لیے پولیس نے 4 لوگوں کو دیا ایوارڈ

یہ  چاروں ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے 1 جولائی کو مالیگاؤں میں5 لوگوں کو ماب لنچنگ سے بچایا تھا۔اس معاملے میں  پولیس نے 250 لوگوں پرتعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ  درج کیاہے۔

فوٹو بشکریہ : متین حفیظ

فوٹو بشکریہ : متین حفیظ

نئی دہلی : مہاراشٹر پولیس نے 5 لوگوں کو ماب لنچنگ سے بچانے کے لئے مالیگاؤں کے 4 افراد کوایوارڈ  سے نوازا ہے۔گزشتہ جمعرات کو راشد راشن والا، ہارون عاشق علی، نواب بھائی اور عبد المجید جمالی کو ایس پی  سنجے درڑےنے ایوارڈ سے نوازا۔ایوارڈ دینے سے پہلے ایس پی سنجے درڑے نے ان لوگوں سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح ہو کہ یہ  چاروں ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے 1 جولائی کو مالیگاؤں میں5 لوگوں کو ماب لنچنگ سے بچایا تھا۔ ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع دھلے میں 5 لوگوں کو بھیڑ کے ذریعے پیٹ پیٹ  کر قتل کر نے  کے   10 گھنٹے بعد ہی مالیگاؤں میں  بھیڑ نے بچہ چوری کے شک میں 5 لوگوں کو گھیر لیا تھا۔ اسی وقت ان پانچ لوگوں کوانہوں نے ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں پناہ دی اور بھیڑ کوان سے دور رکھا ۔اس کے بعد تقریباً آدھی  رات کو پولیس  نے وہاں پہنچ کر حالات  پر قابو پایا۔

ٹائمس آف انڈیا کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں 250 لوگوں پرتعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ  درج کیاہے۔ قابل ذکر ہے کہ 1 جولائی کو یہ 5 لوگ مالیگاؤں میں اپنے گھر لوٹنے کے لئے لوگوں سے پیسہ مانگنے آئے تھے۔ انہوں نے ایک ایسے بچے سے مراٹھی میں بات کی جس کو مراٹھی نہیں آتی تھی۔وہ بچہ ان کی بات نہیں سمجھ سکا اور اپنے ماں باپ سے جاکر کہا کہ باہر راستے پر اسے کچھ لوگ کھینچ  رہے تھے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعہ بچہ چور‘ کی افواہ  تیزی سے پھیل گئی اور اکبر علی اسپتال کے پاس لوگوں کی  ایک بھیڑ اکٹھا ہو گئی۔غور طلب ہے کہ  دو ہفتہ پہلے بھی مالیگاؤں میں دو بھکاریوں کو بچہ چور ہونے کے شک میں پیٹا گیا تھا۔ اس وقت بھی ایک مقامی آدمی رضوان بیٹری والا نے   ان کی جان بچائی تھی۔