خبریں

اتر پردیش : مافیا سرغنہ منا بجرنگی کا جیل میں قتل

 گزشتہ دنوں منا بجرنگی کی بیوی سیما سنگھ نے اپنے شوہر کے قتل کرائے جانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سکیورٹی بڑھائے جانے کی مانگ کی تھی۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی: پوروانچل کے مافیا سرغنہ پریم پرکاش عرف منا بجرنگی کا آج صبح باغپت جیل میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ جیل میں مافیا ڈان کے قتل سے افسروں میں افراتفری کا ماحول ہے۔ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے ۔ معاملہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم اور ایس پی جیل پہنچے اور جائزہ لیا۔ ریاست کے ڈپٹی کمیشنر آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر )پروین کمار نے بتایا کہ شروعاتی جانچ میں مجرم سنیل راٹھی کا نام سامنے آ رہا ہے۔ حالانکہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق منا بجرنگی کو 10 گولی ماری گئی ہے۔

باغپت پولیس کے مطابق؛ سابق بہوجن سماج پارٹی کے ایم ایل اے لوکیش دکشت سے رنگداری مانگنے کے الزام میں آج باغپت کورٹ میں منا بجرنگی کی پیشی ہونی تھی۔ بجرنگی کو اتوار کو جھانسی جیل سے باغپت جیل لایا گیا تھا۔ اس کو سیپریٹ بیرک میں مجرم سنیل راٹھی اور وکی سنہیڑا کے ساتھ رکھا گیا تھا۔

 وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے معاملے کی جوڈیشیل جانچ کا آرڈر دیتے ہوئے کہا ،’ میں نے جوڈیشیل جانچ کے ساتھ ہی جیلر کو سسپینڈ کر نے کا آرڈر دیا ہے۔ جیل کے اندر اس طرح کی واردات ہونا سنگین مسئلہ ہے۔ ہم اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کرائیں گے اور جو بھی  اس کے لیے ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔’

دریں اثنا اے ڈی جی جیل چندر پرکاش نے جیلر سمیت 4 جیل اہلکاروں  کو سسپینڈ کر دیا ہے۔ باغپت جیل میں ہی بند گینگسٹر سنیل راٹھی کا نام اس قتل معاملے میں سامنے آیا ہے۔ وہیں قتل کی تفتیش کے لیے باغپت جیل میں ایک جانچ ٹیم بھی پہنچ چکی ہے۔ منا بجرنگی کے قتل پر یوپی کے اے ڈی جی جیل چندر پرکاش کا بیان ہے کہ ‘صبح قریب 6 بجے باغپت ضلع جیل میں جھگڑے کے دوران منا بجرنگی کو گولی ماری گئی ۔ گینگسٹر سنیل راٹھی نے منا کو گولی مارنے کے بعد ہتھیار گٹر میں پھینک دیا۔ ‘

غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں منا بجرنگی کی بیوی سیما سنگھ نے اپنے شوہر کا قتل کرائے جانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی سکیورٹی بڑھائے جانے کی مانگ کی تھی۔ پچھلے دنوں لکھنؤ میں ہوئے گینگ وار میں بجرنگی کے سالے پشپ جیت سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ بدنام ہسٹری شیٹر رہے منا بجرنگی پر قتل،لوٹ،اغوا سمیت کئی سنگین جرائم کے مقدمے درج تھے۔

(خبر  رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)