خبریں

چھتیس گڑھ:وزیرداخلہ کے بھتیجے پر نابالغ سے ریپ کاالزام،معاملہ درج

ریاستی وزیر داخلہ رام سیوک پیکرا کے بھتیجے شمودھ پیکرا پر ایک نوجوان لڑکی نے شادی کا جھانسہ دے کر 4 سال تک جسمانی استحصال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

رام سیوک پیکرا،فوٹو: فیس بک

رام سیوک پیکرا،فوٹو: فیس بک

نئی دہلی:21سالہ ایک لڑکی نے چھتیس گڑھ کے وزیر داخلہ رام سیوک پیکرا کے بھتیجے پر الزام لگایا ہے کہ وہ 2014 سے اس کا جسمانی استحصال کررہا تھا۔اس دوران اس نے ایک بچی کو جنم دیا جو اب 30 مہینے کی ہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ اس لڑکی نے اپنی شکایت میں شمودھ پیکرا کے بچے کی ماں ہونے کا دعویٰ کیا ہے جو اب 30 مہینے کی ہو چکا ہے۔اس عورت نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ اس کے حاملہ ہونے کے بعد شمودھ اس سے شادی کرنے کے اپنے وعدے سے مکر گیا ۔

غور طلب ہے کہ شمودھ وزیر داخلہ رام سیوک پیکرا کے بڑے بھائی کا بیٹا ہے۔سورج پور کے ایس پی گرجاشنکر جیسوال نے کہا؛ اس کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے شمودھ پیکرا (24)کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 376کے تحت چیندرا پولیس تھانے میں 6 جولائی کو ایف آئی آر درج کی ۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کیا جانا باقی ہے اور چانچ چل رہی ہے۔انہوں نے شکایت کے حوالے سے بتایاکہ اس عورت نے دعویٰ کیا  ہےکہ اس واقعہ کے وقت وہ نابالغ تھی۔ اس کے نابالغ ہونے کے دعوے کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ایس پی گرجا شنکر نے کہا؛ ضرورت پڑنے پر ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات جوڑے جائیں گے۔پولیس کے ایک دوسرے افسر نے بتایا کہ اس عورت کی شکایت کے مطابق وہ سورج پور ضلع کی رہنے والی ہے اور 2014 میں چیندرا میں رہ کر اسکولی تعلیم حاصل کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ شمودھ  نے اس سےدوستی کی اور مبینہ طور پر اس سے شادی کرنے کا وعدہ کرکے کئی بار اس کا جنسی استحصال کیا ۔پولیس نے بتایا کہ جب بھی لڑکی اس سے شادی کی بات کرتی تو وہ یہ کہہ کر ٹال دیتا تھا کہ جب تم بالغ ہو جاؤگی تب کروں گا۔اس بیچ وہ حاملہ ہو گئی۔ شمودھ نے حمل ضائع کرنے کے لئے دباؤ بنایا لیکن اس نے انکار کر دیا۔بعد میں ایک بچی کا جنم ہوا۔بچی کی پیدائش کے بعد بھی شمودھ اس لڑکی کا جسمانی استحصال کرتا رہا۔ایک سال پہلے جب ایس ای سی ایل میں انوکمپاپراس کی نوکری لگی تواس نے اس سے شادی کرنے سے منع کردیا۔

پولیس افسر نے کہا کہ اس عورت کے دعووں کا پتہ لگانے کے لئے جانچ جاری ہے۔اس مدعے پر رائے جاننے کے لئے وزیر داخلہ رام سیوک  پیکرا کوفون اور میسج کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق؛ لڑکی اس معاملے میں پہلے لے کر پولیس کے پاس گئی تھی ،لیکن پولیس نے اس وقت دونوں میں سمجھوتہ کرادیا تھا۔اس درمیان ملزم نے ایک دوسری لڑکی سے شادی بھی کر لی۔

پتریکا کے مطابق ؛ معاملے کا انکشاف 4 دن پہلے ہی ہوگیا تھا  لیکن پولیس ،اسمبلی سیشن جاری رہنے کی وجہ سے اس کو دبائے رہی۔وہیں یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ بیٹی کو جنم دینے بعد لڑکی کے اہل خانہ تھانہ گئے تھے لیکن بات وزیر داخلہ کے بھتیجے تک پہنچی اور اس نے انہیں اس وقت بھی سمجھا بجھاکر معاملہ کو رفع دفع کر دیا تھا

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)