خبریں

ریل کی پٹریوں پر ہرسال پانی بھر جاتا ہے، کوئی ٹھوس قدم کیوں  نہیں اٹھائے گئے : بامبے ہائی کورٹ

ممبئی میں بارش کی رفتار تھم گئی ہے۔ ویسٹرن ریلوے کی خدمات بحال ہو گئی ہے۔ موسم محکمہ نے کہا کہ سنیچر تک شہر اور آس پاس کے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ بارش جاری رہنے کا امکان ہے ۔

ممبئی میں بھاری بارش کی وجہ سے  پٹریوں پر پانی بھرنے سے پھنسی ٹرین۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

ممبئی میں بھاری بارش کی وجہ سے  پٹریوں پر پانی بھرنے سے پھنسی ٹرین۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بامبے  ہائی کورٹ نے منگل کو کہا کہ مانسون میں ہرسال ریل کی پٹریاں ڈوب جاتی ہیں لیکن ریلوے نے اس کو روکنے کے لئے کوئی پختہ قدم نہیں اٹھایا ہے۔موسلادھار بارش سے مضافاتی ریل خدمات کے رک جانے کے بعد عدالت نے یہ تبصرہ کیا۔ جسٹس این ایچ پاٹل اور جسٹس جی ایس کلکرنی کی بنچ نے پی آئی ایل  کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ عرضی میں ریلوے اسٹیشنوں اور پلیٹ فارم کو معذور لوگوں کے موافق بنانے کے لئے ہدایت دینے کی مانگ کی گئی تھی۔

عدالت نے پایا کہ اس تعلق سے  افسروں نے کوئی پختہ اقدام نہیں کیے  ہیں  اور اس نے پٹریوں پر پانی بھرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ جسٹس کلکرنی نے پوچھا، ‘ ہرسال مانسون میں نچلے علاقوں میں پٹریاں پانی میں ڈوب جاتی ہیں۔ ریلوے ان مقامات کو نشان زد کر  کے پٹریوں کو اوپر کیوں نہیں اٹھا سکتے؟ ‘ عدالت نے کہا کہ اگر ریلوے اسے  حل نہیں کر سکتا تو ا س کی نجی کاری پر غور کیا جانا چاہیے ۔ بنچ نے دو ہفتے کے لئے سماعت ملتوی کرتے ہوئے ریلوے کے وکیل سے کہا کہ اگلی سماعت میں عدالت کو پٹریوں پر پانی بھرنے سے روکنے کے لئے کیے  گئے اقدام کے بارے میں بتائے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ  5 دنوں سے ممبئی مسلسل  بارش سے بےحال ہے۔ ہر طرف پانی بھر گیا  ہے۔ ریل سروس پوری طرح رک جانے کے بعد بدھ کو محدود رفتار میں شروع کی گئی ہے۔ حالانکہ آج تک کے مطابق، ممبئی سے باہر جانے والی کئی ایکسپریس اور میل ٹرین رد  کی گئی ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق، بدھ کو لمبی دوری کی 8 ٹرینوں کو رد کیا گیا ہے۔ کئی ٹرینوں کا روٹ بدلا گیا ہے۔ ممبئی سے نزدیک پال گھر میں سڑک حادثے میں دو لوگوں کو موت ہو گئی اور 4 لوگ زخمی ہیں۔

وہیں، بدھ کو بارش کی رفتار تھمی ہے جس سے ممبئی کے لوگوں  کو بڑی راحت ملی ہے اور شہر میں ٹرین خدمات بحال ہو گئی ہیں۔ افسروں نے یہ جانکاری دی۔ ریلوے ٹریک  پر پانی بھر جانے کی وجہ سے  ویسٹرن ریلوے (ڈبلیو آر) کے ایک حصے پر منگل کو مقامی ٹرین سروس  بری طرح متاثر ہو گئی تھیں۔ 4 دن کی مسلسل  بارش کے بعد حالانکہ سڑک ٹریفک  صحیح طریقے سے چل رہا تھا لیکن بھاری بارش نے ممبئی کے لوگوں کی زندگی کو اپاہج بنا دیا۔

بدھ کی صبح سے ٹرینوں میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھی گئی، حالانکہ ویسٹرن ریلوے محدود رفتار کے ساتھ کچھ راستوں پر ٹرینیں چلا رہے ہیں کیونکہ ریلوے پٹری پر ابتک پانی بھرا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ محض 10 دن میں شہر میں 864.5 میلی میٹر بارش ہوئی جو تقریباً پورے ایک مہینے میں ہونے والی بارش کے برابر ہے۔

لوکل ٹرینوں کو ممبئی کی لائف لائن کہا جاتا ہے۔ منگل کو یہ سروس  نالاسوپارا اور ورار اسٹیشنوں کے درمیان معطل کر دی گئی تھی، جس سے مصروف ویسٹرن ریلوے لائن پر سفر کرنے والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈبلیو آر کے ترجمان رویندر بھاکر نے کہا کہ بدھ کو اپنی اپنی منزل تک پہنچنے کے لئے لوگوں نے ٹرینوں کا سہارا لیا۔ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی کافی بھیڑ  رہی۔ انہوں نے کہا، ‘ ہم نے احتیاط کے ساتھ لوکل ٹرین سروس  شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ صبح تقریبا ًپونے سات بجے ہم نے چرچ گیٹ (جنوبی ممبئی) اور بھیندر (ٹھانے ضلع) اسٹیشنوں کے درمیان 10 کلومیٹر فی گھنٹے کی محدود رفتار کے ساتھ سروس  شروع کی۔ ‘

اس بیچ ، ممبئی  کے منسٹر ان چارج  ونود تاوڑے بدھ کو ناگ پور سے شہر لوٹیں‌گے، جہاں وہ بھاری بارش کے بعد میگاشہر میں حالات  کے تجزیہ کے لئے اسمبلی سیشن میں حصہ لیں‌گے۔ وزیر کے بلدیاتی افسروں اور پولیس کے ساتھ اہم اجلاس کرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سنیچر تک شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ بارش جاری رہنے کا امکان بنا ہوا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)