خبریں

مدھیہ پردیش میں نابالغ سے ایک ہی دن میں دو بار گینگ ریپ،سبھی 5 ملزم گرفتار

واقعہ چھندواڑا ضلع‎ کا ہے۔ 14 سالہ نابالغ لڑکی کے ساتھ مہوا ٹولہ کے جنگلوں میں دو لوگوں نے ریپ  کیا، وہ ان کے چنگل سے نکل بھاگی تو راستے میں تین دوسرے  لوگوں نے پھر ریپ  کیا۔

Chindwara

چھندواڑا : مدھیہ پردیش میں چھندواڑا ضلع کے مہوا ٹولہ کے جنگل میں 14 سالہ لڑکی سے ایک ہی دن میں دو بار مبینہ طور پر گینگ ریپ  کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پہلے دو لوگوں نے اس کے ساتھ ریپ  کیا اور ان کے چنگل سے چھوٹنے کے بعد جب وہ گھر آ رہی تھی، تب 3 دوسرے  لوگوں نے اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا ۔  اڈیشنل سپرینٹنڈنٹ  نیرج سونی نے منگل کو بتایا، ‘ 14 سالہ لڑکی سے 7 جولائی کو ایک ہی دن میں دو بار گینگ ریپ  کیا گیا۔

 پہلے دو لوگوں نے مہوا ٹولہ کے جنگل میں بنی ایک جھوپڑی میں اس سے ریپ کیا  اور جب وہ ان کے چنگل سے چھوٹ‌کر گھر آ رہی تھی، تب 3 دوسرے  لوگوں نے اس کو پکڑ لیا اور اسی جھوپڑی میں لے جاکر پھر سے گینگ ریپ کیا گیا۔ ‘ انہوں نے کہا کہ ملزمین کی پہچان موہت بھاردواج (22)، راہل بھونڈے (24)، بنٹی بھلاوی (23)، انکت رگھو ونشی (25) اور امت وشوکرما (21) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ تمام چھندواڑا شہر کے مہوا ٹولہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔

سونی نے بتایا کہ پانچوں ملزمین کو منگل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کو موہت بھاردواج فون کرکے بہلا پھسلاکر اپنے دوست راہل بھونڈے کے جنگل میں بنی جھوپڑی میں لے گیا تھا۔ سونی نے بتایا کہ نابالغ لڑکی اپنی ماں کو بنا بتائے 6 جولائی کو گھر سے چلی گئی تھی۔ دیر رات تک گھر نہیں آنے کے بعد رشتہ داروں نے گمشدگی کی شکایت 7 جولائی کو کنڈی پورا تھانے میں کی تھی، جس کے بعد 8 جولائی کو متاثرہ مہوا ٹولہ علاقے میں ملی اور اس نے اپنی آپ بیتی پولیس کو سنائی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفعہ 376-ڈی (گینگ ریپ)، 506 (دھمکانا)، 363 (اغوا)، 342 (غلط طریقے سے روکنا) اور پاکسو ایکٹ کے تحت کنڈی پورا تھانے میں سنیچر کو معاملہ درج کیا گیا ہے۔ سونی نے بتایا کہ واردات میں استعمال میں لائے جانے والی دو پہیا گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔