خبریں

آندھر پردیش : اسٹیل پلانٹ میں گیس لیک ہونے سے 6 لوگوں کی موت

اننت پور ضلع میں ہوئے حادثے میں 2مزدوروں کی حالت بے حد نازک ہے۔حادثے کے بعد لیفٹ اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے اسٹیل پلانٹ کے سامنے احتجاج کیا اور متاثرین کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی مانگ کی۔

اسٹیل پلانٹ،فوٹو: اے این آئی

اسٹیل پلانٹ،فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی : آندھر پردیش کے اننت پور ضلع میں تڑی پتری حلقے کے جنبلاپڈو گاؤں میں واقع ایک اسٹیل پلانٹ میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے 6  مزدوروں کی موت ہو گئی۔وہیں 2 دوسرے مزدوروں کی حالت بے حد نازک بتائی جا رہی ہے۔انہیں بنگلور کے پرائیوٹ اسپتال میں داخل  کرایا گیا ہے۔ضلع کے ایس پی  جی اشوک کمار نے بتایا کہ پلانٹ میں رکھ رکھاؤکے کام کے بعد ٹیسٹنگ کے دوران یہ حادثہ ہوا۔اس دوران 2 لوگوں کی موقع پر موت ہو گئی اور 4 مزدوروں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

افسروں کا کہنا ہے کہ رکھ رکھاؤ کے لئے استعمال ہونے والی کاربن مو نوآکسائیڈ گیس  کی وجہ سے مزدوروں کی موت ہوئی ہے۔ڈی آئی جی پربھاکر راؤ نے کہا کہ پولیس  نےاسٹیل پلانٹ کےمینجمنٹ کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔وہیں جائے واردات پر پہنچے سب انسپکٹر رام کرشنا ریڈی نے بتایا کہ کل شام ساڑھے پانچ بجے پلانٹ کے ایک انڈر گراؤنڈ چیمبر میں  یہ واقعہ ہوا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق مرنے والوں کی پہچان بی رنگ ناتھ،کے منوج ،یو گنگادھر،ایس اے باشا، کےایم سیوا اور جی گروویا کے طور پر ہوئی ہے۔افسروں نے بتایا کہ متاثرین میں 3 لوگ بجلی مستری اور 3 لوگ کنسٹرکشن ورکر تھے۔اس حادثے کے بعد لیفٹ اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے اسٹیل پلانٹ کے سامنے احتجاج کیا اور متاثرین کے اہل خانہ کے لئے معاوضے کی مانگ کی۔

وائی ایس آر کانگریس  کے رہنما جتیندر ریڈی نے کہا کہ ٹی ڈی پی سرکار متاثرین کے  گھر والوں کو کم سے کم  50 لاکھ کا معاوضہ دے اور ان کے گھر کے کسی ایک فرد کو نوکری دے۔نائب وزیر اعلیٰ این چنا راجپا نے متاثرین کے رشتہ داروں کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے متاثرین کی فیملی کو ہر ممکن مدد دی جائے گی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)