خبریں

مہاراشٹر: دودھ کی قیمت بڑھانے کی مانگ کو لے کر کسانوں کا احتجاج

کسان تنظیموں نےفی لیٹر دودھ کی خریداری پر 5روپے بڑھانے کی مانگ کرتے ہوئے ممبئی اور پونے میں  دودھ کی سپلائی روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی :مہاراشٹرمیں دودھ پیداکرنے والےکسانوں  اور دودھ یونین کے ذریعہ  دودھ کی قیمت بڑھانے کی مانگ کو لے کر احتجاج شروع ہو گیا ہے۔قیمت میں 5 پانچ روپے کا اضافہ اور دودھ سے بننے والے پاؤڈر کو گرانٹ کی اپنی مانگ پوری کرانے کے لئے احتجاج میں شامل لوگ اور دودھ یونین ممبئی میں دودھ  کی فراہمی ٹھپ کرنے کی کوشش کر ر ہے ہیں۔اس دوران احتجاج کی قیادت کر رہی سوابھیمان شیت کاری سنگٹھن  کے کارکنوں نے پونے  میں جبراًدودھ کی سپلائی کو روک دیاہے۔

اس سے پہلے لوک سبھا ایم پی راجو شیٹی نے کہا تھاکہ؛ کسان ڈیری میں 17 روپے فی لیٹر دودھ بیچتے ہیں۔اس کی پروسیسنگ کے بعد ڈیری اسے پاؤچ میں پیک کرتا ہے اور 42 روپے فی لیٹر کی کم از کم قیمت پر بیچتا ہے۔کمائی میں اس فرق کا منافع کسان کو نہیں ملتا ہے۔

سوابھیمان شیت کاری سنگٹھن کے چیف راجو شیٹی نے مزید کہاتھا کہ؛پونے اور ممبئی میں آدھی رات سے دودھ کی فراہمی روکی جائے گی۔ہمیں اپنی  مانگوں کے لئے دباؤ بنانا پڑے گا کیوں کہ ریاستی سرکار کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے کوئی مضبوط فیصلہ نہیں لے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دودھ کی خریداری  پرفی لیٹر 5 روپے کا فوری اضافہ کیا جائے۔وہیں اکھل بھارتیہ کسان سبھا کے اجیت نوال نے بتایا کہ اگر ریاستی سرکاری اونچی قیمتوں پر دودھ خریدنے میں ناکام رہتی ہے یا ڈیری کسانوں کو خاص سبسڈی نہیں دیتی ہے تو یہ احتجاج اور تیز ہو جائے گا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)