خبریں

صارفین سے جڑی جانکاری پر کمپنیوں کا کوئی حق نہیں: ٹی آر اے آئی

ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ صارفین کو ڈیجیٹل دنیا میں موجود ان کی ہر پہچان کو ختم  کرنے کا حق بھی ملنا چاہیے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (TRAI)نے پرائیویسی  سے متعلق اہم سفارش کی ہے۔اتھارٹی نے کہا  ہے کہ جو کمپنیاں صارفین سے متعلق انفارمیشن (ڈیٹا)جمع کر رہی ہیں،ان کا اس پر کوئی حق نہیں ہے۔اس نے اس بات پر زور دیا کہ جانکاری حاصل کرنے کو لے کر صارفین کی رضامندی ضروری ہے اور انہیں اسے بھلا دیئے جانے کا بھی  حق ملنا چاہیے۔

ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی نے موجودہ ڈیٹا تحفظ کے مسودے کو ناکافی بتایا ۔اس   نے ٹیلی کام ڈپارٹمنٹ کو دی  گئی سفارش میں کہا کہ کمپنیوں کو صارفین کی پہچان کے لئے اس سے جڑی جانکاری کا استعمال نہیں کرنا چاہیے اور اگر ڈیٹا  سے کوئی چھیڑ چھاڑ کرتا ہے تو اس کا انکشاف کیا جانا چاہیے۔اتھارٹی نے کہا کہ ہر صارف کی ذاتی جانکاری ہوتی ہے اور کوئی جانکاری کنٹرول اور پروسیس کے لئے کسی یونٹ کو دی جاتی ہے تو اسے یہ دھیان رکھنا چاہیے کہ وہ اس کا صرف  محافظ ہے۔اس  نے کہا کہ سبھی کودیٹاتحفظ مسودے کے دائرے میں لایا جانا چاہیے۔اتھارٹی نے کہا کہ حکومت  کو ٹولس،آپریٹنگ سسٹم،براؤزر اور ایپلی کیشن کے قانون کو لے کر مسودے کا اعلان کرنا چاہیے۔

اتھارٹی نے ٹیلی کام ڈپارٹمنٹ کو یہ مشورہ  دیا ہے کہ صارفین کو اپنی پرائیویسی   کی حفاظت کے لئے انتخاب  کا اختیار،استعمال کی رضامندی یا غیر رضامندی دینے یا متعلقہ جانکاری کو بھول جانے کا حق دیاجانا چاہیے۔اس نے یہ مشورہ  بھی دیا کہ ٹیلی کام صارفین کو ذاتی جانکاری کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے ڈیجیٹل نظام میں کام کرنے والی سبھی یونٹ کو ڈیٹا تحفظ مسودے کے دائرے میں لایا جانا چاہیے۔اتھارٹی نے یہ سفارش ایسے وقت میں کی ہےجب خاص کر موبائل ایپ اور سوشل میڈیا پرصارفین سے جڑی جانکاری سے متعلق پرائیویسی   اور تحفظ کی فکر بڑھی  ہے۔

ٹی آر اے آئی نے ’ٹیلی کام شعبہ  میں پرائیویسی ،تحفظ اور جانکاری کے مالکانہ حق‘پر اپنی سفارش میں کہا کہ صارف اپنے متعلق جانکاری کے مالک ہیں اور جو یونٹ اسے اپنے اختیار میں رکھتی ہے اور اس کا  کنٹرول ، پروسیسنگ کرتی ہے ،وہ صرف اس کی محافظ ہے اور ان کا اس جانکاری پر کوئی حق نہیں ہے۔ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی نے  ٹیلی کام ڈپارٹمنٹ کو دی اپنی سفارش میں کہا ہے  کہ؛انتخاب  کا اختیار،رضامندی،ڈیٹا پورٹیبلٹی اور جانکاری کو بھول جانے کا حق ٹیلی کام صارفین کو ملنا چاہیے۔اس نے مزید کہاکہ؛سرکار کو ڈیٹا کے مالکانہ حق،تحفظ اور پرائیویسی  سے جڑے  ٹیلی کام صارف کی  شکایتوں کے حل کے لئے انتظام کرنا  چاہیے۔