خبریں

بی جے پی وزیر کا بیان؛ سوامی اگنیویش فراڈ ہیں ،انہوں نے خود پر حملہ کروایا

بی جے پی وزیر نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا کہ ؛وہ سوامی نہیں فراڈ ہیں۔انہوں نے پبلسٹی کے لیے خود پر حملہ کروایا اور اس کی پلاننگ کی۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی :جھارکھنڈ کے شہری ترقیاتی امور کے وزیر سی پی سنگھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوامی اگنیویش فراڈہیں اور ان کا بھگوا پہننا بھی ہندوستانیوں کو ٹھگنے کا ایک طریقہ ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق جھارکھنڈ میں بی جے پی حکومت کے وزیر سی پی سنگھ نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ ؛ جہاں تک مجھے پتہ ہے سوامی اگنیویش وہ آدمی ہیں جوغیر ملکی عطیات پر جیتے ہیں ،وہ جو بھگواکپڑے پہنتے ہیں وہ صرف ہندوستان کے معصوم لوگوں کو ٹھگنے کے لیے ہے ۔وہ سوامی نہیں فراڈ ہیں ۔ وزیر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ؛سوامی اگنیویش نے پبلسٹی کے لیے خود پر حملہ کروایا اور اس کی پلاننگ کی ۔

وزیر نے مزید کہا کہ وہ سوامی اگنیویش کو 40سال سے جانتے ہیں اس لیے وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے خود پر حملہ کروایا ہے۔غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ کے پاکڑ میں سماجی کارکن سوامی اگنیویش کی  بی جے پی کارکنان نے  مخالفت کی تھی،ان کو کالے جھنڈے دکھائےتھےاورہاتھا پائی بھی کی تھی۔ سوامی اگنیویش ایک پروگرام میں شامل ہونے پاکڑ پہنچے تھے اور اسی وقت ہوٹل سے باہر نکلے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  سوامی اگنیویش کے ساتھ مبینہ طور پر بی جے پی کے یووا مورچہ کے کارکنان نے مار پیٹ کی۔ پہلے بی جے پی کارکنان نے ان کو کالے جھنڈے دکھائے اور ان کے خلاف نعرے بھی لگائے۔جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے اس معاملے کی جانچ کا حکم دیاتھا ۔اس معاملے میں 20 لوگوں کو حراست میں لیاتھا۔