خبریں

مغربی بنگال: بچہ چوری کے شک میں 4خواتین کو پیٹ پیٹ کر برہنہ  کیا

معاملہ جلپائی گڑی ضلع کے ایک گاؤں کا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ بچہ چوری کے شک میں بھیڑ کے ذریعے حملے کی یہ اس مہینے کی چوتھی واردات ہے۔

Jalpaiguri-e1532422656185

نئی دہلی :مغربی بنگال کے جلپائی گڑی ضلع میں ایک بھیڑ نے بچہ چور ہونے کے شک میں 4عورتوں  کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کی اور ان میں سے 2 کو ننگا کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ معاملہ دھوپ گڑی بلاک کے دوکیماری گاؤں میں ہوا۔ بچہ چور ہونے کے شک میں ضلع میں اس مہینے حملے کی یہ چوتھی واردات ہے۔گزشتہ ہفتہ بچہ چوری کے شک میں ضلع کی اسی بلاک میں نفسیاتی طور پر پریشان ایک عورت کے ساتھ مار پیٹ کی گئی تھی۔

جلپائی گڑی کے ایس پی امیتابھ میتی نے بتایا کہ ان عورتوں کی عمر 20سے 50سال کے بیچ ہے ۔یہ عورتیں مقامی نہیں تھیں اور بھیڑ نے ان سے کچھ سوال پوچھے جس کے جواب پر ان کو یقین نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ ایک عورت نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ اپنے ایک رشتہ دار کو تلاش کر رہی تھی ۔دوسری عورت نے کہا کہ وہ رشتہ دار کے یہاں جا رہی تھی ،جبکہ تیسری عورت نے کہا کہ وہ گھر گھر جاکر کپڑا بیچتی ہے اور چوتھی نے کہا کہ وہ پاس کے بینک میں کام سے آئی تھی ۔

میتی نے بتایا کہ بچہ چوری کے شک میں بھیڑ نے ان عورتوں سے مبینہ طور پر مارپیٹ کی اور ان میں سے دو کو برہنہ کر دیا۔پولیس نے ان عورتوں کو بچایا اور انہیں پاس کے پرائمری ہیلتھ سینٹر پہنچایا۔جہاں ان کی حالت خطرے سے باہرہے۔میتی نے کہا کہ منگل کو ہوئے اس معاملے میں کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔پہلے کے معاملوں میں کئی لوگوں کے خلاف  ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں لاء اینڈ آرڈر بگاڑنے والے بچہ چوری کی افواہ پھیلا رہے ہیں۔اس سے پہلے اسی مہینے ضلع کے مال بلاک کے کرانتی علاقے میں کئی لوگ پتھر بازی میں زخمی ہوگئے تھے۔یہ سب افواہ  پھیلنے کے بعد ہوا تھا کہ علاقے میں بچہ چور گھوم رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ کچھ دن بعد بلاک کے بالا پارا میں بچہ چور ہونے کے شک میں ایک اور شخص پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا۔

میتی نے کہا کہ حالاں کہ سوموار کو ہوئے معاملے میں اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ،لیکن کئی لوگ پرانے معاملوں میں پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچہ چوری کی افواہ ان لوگوں کے ذریعے پھیلائی گئی تھی جو ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا ؛ہم سوشل میڈیا اور پبلک میڈیا جیسے کہ لاؤڈاسپیکر پر اعلان کے ذریعے لوگوں میں بیداری پھیلا رہے ہیں۔لوگوں کو پولیس کی ہیلپ لائب پر رابطہ کرنا چاہیے اگر وہ کچھ مشکوک پاتے ہیں ۔ انہیں قانون کو اپنے ہاتھوں میں نہیں لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیس معاملے کے پیچھے لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے اور جلد سے جلد جانچ پوری کرنا چاہتی ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ وقتوں میں ملک بھر میں پھیلی بچہ چوری کی افواہوں سے مغربی بنگال بھی اچھوتا نہیں رہا۔جلپائی گڑی کے علاوہ مالدہ اور بولپور سے بھی ایسے معاملوں کی خبریں آرہی ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)