خبریں

بہار: مظفر پور شیلٹر ہوم ریپ کیس میں نتیش کمار نے دیا سی بی آئی جانچ کا حکم

بہار کے مظفر پور میں واقع  شیلٹر ہوم میں 29 بچیوں سے ریپ کے معاملے میں بہار حکومت نے سی بی آئی جانچ کے آرڈر دیے ہیں۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: بہار کے مظفر پور میں واقع  شیلٹر ہوم میں 29 بچیوں سے ریپ کے معاملے میں بہار حکومت نے سی بی آئی جانچ کے آرڈر دیے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے ایس دویودی نے بتایا کہ بہار حکومت نے مظفر پور کے بالیکا گریہہ میں بچیوں کے جنسی استحصال معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کی سفارش کی ہے۔ متاثر بچیوں نے اپنی ایک ساتھی لڑکی کا قتل کر لاش کو کیمپس میں دفنانے کا الزام لگایا ہے۔ اس کو لے کر شیلٹر ہوم میں سوموار کو کھدائی کی گئی۔

اس سے پہلے اپوزیشن اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرانے کی مانگ کر رہا تھا۔ جس پر ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا تھا کہ،’ بہار پولیس ایسا محسوس نہیں کر رہی ہے کیونکہ ہم اپنے اب تک کے ریسرچ سے مطمئن ہیں۔’ انھوں نے کہا تھا کہ میں اپنی جانچ سے پوری طرح مطمئن ہوں۔ مجھے اس میں کوئی کمی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ اس لیے نہیں لگتا کہ سی بی آئی یا کسی دوسری ایجنسی سے جانچ کرائے جانے کی ضرورت ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اگر ریاستی حکومت اس کے لیے سفارش کرتی ہے تو سی بی آئی سے جانچ کرائی جائے گی۔ دویودی نے کہا کہ ریاستی حکومت کا اس کو لے کر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ غور طلب ہے کہ بہار اسمبلی میں اور پارلیامنٹ میں اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران نے اس معاملے کو اٹھایا تھا۔ اس پر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ اگر ریاستی حکومت سفارش کرتی ہے تو سی بی آئی جانچ کرائی جائے گی۔

غور طلب ہے کہ یہ معاملہ تب سامنے آیا تھا جب ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس نےاسی سال مئی میں  بچیوں  سے بات چیت کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی تھی۔انکشاف کے بعد لڑکیوں کی میڈیکل جانچ کرائی گئی ۔ 21 لڑکیوں کی میڈیکل رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ ان میں سے 16 لڑکیوں کے ساتھ بالیکا گریہہ میں ریپ ہوا تھا۔  اس کے بعد  بہار سوشل ویل فیئر ڈپاڑٹمنٹ نے ایف آئی آر درج کرائی تھی۔