خبریں

منی پور فرضی انکاؤنٹر معاملہ: سی بی آئی کی جانچ سے سپریم کورٹ ناراض، ڈائریکٹر کو کیا طلب

منی پور فرضی انکاؤنٹر معاملے میں سی بی آئی کی جانچ سے ناراض  سپریم کورٹ نے سی بی آئی ڈائریکٹر کو سوموار کو  اگلی شنوائی میں پیش ہونے کو کہا ہے۔

سپریم کورٹ /فوٹو : پی ٹی آئی

سپریم کورٹ /فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: منی پور فرضی انکاؤنٹر معاملے میں سی بی آئی کی جانچ سے ناراض  سپریم کورٹ نے سی بی آئی ڈائریکٹر کو سوموار کو  اگلی شنوائی میں پیش ہونے کو کہا ہے۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو منی پور میں فوج، آسام رائفلس اور پولیس کے ذریعے مبینہ قتلوں  اور فرضی انکاؤنٹر کے 4 معاملوں میں 27 جولائی تک آخری رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے آرڈر دیا تھا کہ سی بی آئی کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی)میں این ایچ آر سی کے 2 افسروں کو بھی شامل کیا جائے۔

اس سے پہلے معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے کورٹ نے کہا تھا کہ یہ دو افسر مبینہ فرضی انکاؤنٹر کے ان 4 معاملوں کو چھوڑ کر باقی تمام معاملوں کی جانچ میں شامل ہوں گے۔ ان کو تمام دستاویز اور ضروری سہولیات مہیا کرائی جائیں ۔ چارج شیٹ تیار کرنے اور ٹرائل کورٹ میں داخل کرنے میں بھی یہ افسر تعاون کریں گے۔

غور طلب ہے کہ کورٹ منی پور میں ایکسٹرا جوڈیشیل قتل کے 1528 معاملوں کی جانچ کے لیے داخل کی گئی عرضی پر شنوائی کر رہا ہے۔ کورٹ نے گزشتہ سال 14 جولائی کو  ایس آئی ٹی کی تشکیل کی تھی اور ایف آئی آر درج کرانے اور مبینہ ایکسٹرا جوڈیشیل قتل کے معاملوں کی جانچ کا آرڈر دیا ہے۔

واضح ہو کہ منی پور میں 2000 سے 2012 کے درمیان سکیورٹی فورس اور پولیس پر مبینہ طور پر 1528 فرضی انکاؤنٹر اور جوڈیشیل قتل کا الزام ہے ۔