خبریں

مرکزی حکومت ماب لنچنگ کے خلاف موت کی سزا کا اہتمام والا بل لائے گی: ہنس راج اہیر

مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہیر نے کہا  پیٹ پیٹ کر قتل کرنا ایک سنگین جرم ہے۔ کوئی بھی مہذب سماج اس کو قبول نہیں کرے گا۔ مرکزی حکومت اس معاملے میں موت کا اہتمام والا بل جلد ہی پیش کرے گی۔

ہنس راج اہیر/ فوٹو: پی ٹی آئی

ہنس راج اہیر/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہیر نے سوموار کو  کہا  کہ پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے جرم میں موت کی سزا کا اہتمام والا ایک بل مرکزی حکومت جلد ہی پیش کرے گی۔ اہیر نے ناتھ جوگی کمیونٹی  کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا،’ لنچنگ ایک سنگین جرم ہے اور کوئی بھی مہذب سماج اس کو قبول نہیں کرے گا۔ مرکزی حکومت اس معاملے میں موت کا اہتمام والا بل جلد ہی پیش کرے گی۔

وزیر نے کہا ،’ مجوزہ  بل 12 سال سے کم عمر کی بچیوں کے ساتھ ریپ کے مجرم کو موت کی سزا کی مانگ کرنے والے بل کی ہی طرح ہوگا۔ ‘اہیر کا یہ بیان ملک میں گئو تسکری اور بچہ چور ہونے کی افواہ کے بعد بھیڑ کے ذریعے پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے کے واقعات کے پس منظر میں آیا ہے۔

غور طلب ہے کہ اس مہینے کی شروعات میں مہاراشٹر کے  سولا پور ضلع کے خانہ بدوش ناتھ جوگی کمیونٹی کے 5 ممبروں کو بچہ چور ہونے کی افواہ پھیلنے پر بھیڑ نےدھلے ضلع میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ اہیر نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور مہاراشٹر حکومت نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ واضح ہو کہ اس معاملے میں مہاراشٹر پولیس نے 24لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔

راجستھان کی وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے سوموار کو کہا کہ اس طرح کے  لنچنگ کے واقعات نوکری نہ ہونے کے  فریسٹریشن کا نتیجہ ہے  ۔ مہینے کی شروعات میں سپریم کورٹ  نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کے واقعات سماج میں قبول نہیں کیے جا سکتے۔ کورٹ کی ایک بنچ نے پارلیامنٹ کو اس طرح کے واقعات سے نپٹنے کے لیے ایک پینل بنانے کی ہدایت بھی دی تھی۔