خبریں

ہریانہ : مسلم نوجوان کو پیٹا، پھر جبراً کاٹ دی داڑھی

غنڈوں نے مسلم نوجوان  کو دکان میں رکھی کرسی سے باندھ دیا۔ اور پھر نائی سے اس کی داڑھی زبردستی کٹوا دی۔

فوٹو: بہ شکریہ انڈیا ٹو ڈے

فوٹو: بہ شکریہ انڈیا ٹو ڈے

نئی دہلی: ہریانہ کے گروگرام میں جبراً ایک نوجوان کی داڑھی کاٹنے اور اس کے ساتھ مار پیٹ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ متاثر نوجوان جب شکایت لے کر متعلقہ تھانہ پہنچا تو پولیس نے پہلے آنا کانی کی لیکن معاملہ سرخیوں میں آ جانے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ آج تک کے مطابق؛ واقعہ گروگرام کے سیکٹر 37 کا ہے۔ جہاں کچھ شر پسندوں نے ظفر الدین نام کے نوجوان کو پکڑ لیا اور اس کے ساتھ بد سلوکی کی۔ اس کی داڑھی دیکھ کر تبصرہ کرنے لگے۔ اس کے بعد  بدمعاش نوجوان کو ایک نائی کی دکان میں لے گئے اور اس کو ظفرالدین کی داڑھی کاٹنے کے لیے کہا۔

نائی نے اس کی داڑھی کاٹنے سے منع کر دیا ۔ اس کے بعد شر پسندوں نے نائی اور اس نوجوان کی بری طرح پٹائی کی ۔ ان غنڈوں نے ظفرالدین کو دکان میں رکھی سیٹ سے باندھ دیا۔ اور پھر نائی سے اس کی داڑھی زبردستی کٹوا دی۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ملزم وہاں سے فرار ہو گئے۔ ظفر الدین گروگرام سیکٹر 29 میں ہوٹل چلاتا ہے۔ 31 جولائی کی شام 6 بجے وہ اپنے دوست ابراہیم کے ساتھ گروگرام کھانڈسا منڈی میں میں سبزی لینے گیا تھا۔ اسی دوران یہ واردات ہوئی۔

 متاثر نوجوان ظفر الدین میوات کے گاؤں بادلی کا رہنے والا ہے۔ واقعہ کے بعد ظفر الدین گروگرام میں سیکٹر 37 میں واقع پولیس اسٹیشن پہنچا اور وہاں اس کے ساتھ ہوئے واقعہ کی شکایت کی۔ پہلے پولیس اس معاملے میں آنا کانی کرتی رہی لیکن بعد میں مقدمہ درج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ اس واقعہ کو لے پولیس چھان بین کر رہی ہے ۔ ابھی تک کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اے بی  پی کے مطابق ظفر الدین  نے کہا ،’ ہم مسلم ہیں اور ہم داڑھی نہیں کٹواتے ہیں۔ مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ پھر بھی وہ نہیں مانے ، مار پیٹ کی اور داڑھی پر قینچی چلا دی۔’واضح ہو کہ ہریانہ  میں کچھ مہینے پہلے نماز پڑھنے کو لے کر بھی کافی تنازعہ ہوا تھا ۔ بعد میں انتظامیہ اور سماجی تنظیموں کی کوشش  کے بعد 2 گروپ کے درمیان تنازعہ سلجھایا گیا۔

دریں اثنا گورو اور نتن نام کے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ساتھ ہی نائی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ متاثر نوجوان کا الزام ہے کہ نائی سے مار پیٹ کی گئی تھی اور تب اس نے داڑھی کاٹی۔ ڈی سی پی کا کہنا ہے کہ بیٹھنے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا جبکہ متاثر نوجوان کا کہنا ہے کہ بیٹھنے کو لے کر یا کسی طرح کا کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا۔