خبریں

ایک سال میں رد ٹکٹ سے ریلوے نے کمائے 13.94 ارب روپے

وزارت ریل نے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں یہ جانکاری دی ہے۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : ریلوے کو ٹکٹ فروخت کے ساتھ ٹکٹ کینسل کیے جانے سے بھی موٹی کمائی ہورہی ہے ۔ آر ٹی آئی سے پتہ چلا ہے کہ مالی سال 18-2017میں ٹکٹ رد کیے جانے کے بدلے مسافروں سے وصول کیے گئے چارج سے ریلوے کے خزانے میں 13.94 ارب روپے جمع ہوئے ۔مدھیہ پردیش کے نیمچ باشندہ سماجی کارکن چندر شیکھر گوڑ نے بتایا کہ انہیں وزارت ریلوے کے سی آر آئی ایس کے ایک افسر سے آرٹی آئی کے تحت دائر اپیل پر یہ جانکاری ملی ہے۔

آرٹی آئی کے تحت دیے گئے جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ پچھلے مالی سال کے دوران چارٹ بننے کے بعد بھی وینٹنگ لسٹ میں ہی رہ گئے مسافروں کے ٹکٹ کینسل ہونے پر وصول کیے گئے چارج 88.55 کروڑ روپے کی کمائی کی ۔گوڑ نے بتایا کہ انہوں نے آرٹی آئی کے تحت 9 اپریل کو سی آر آئی ایس کو عرضی بھیج کر ریلوے سے مختلف ریونیو مد میں بیورہ چاہا تھا لیکن اس عرضی پر انہیں 2مئی کو صرف یہ جانکاری دی گئی کہ مالی سال 18-2017 میں یو ٹی ایس کے تحت بک ٹکٹ کو رد کرائے جانے سے17.14 کروڑ روپے کا ریونیو ملا۔

انہوں نے بتا یا کہ سی آر آئی سی سے ادھوری جانکاری ملنے پر انہیں آر ٹی آئی کے تحت اپیل دائر کرنی پڑی ۔ اس اپیل کا نپٹارہ ہونے پر انہیں رد ٹکٹ پر چارج کیے گئے رقم کی موٹی کمائی کے بارے میں تفصیلی جانکاری ملی۔