خبریں

کھیل کی دنیا: روس میں سوربھ ورما کو خطاب اور استانبول میں بجرنگ اور پنکی نے جیتے گولڈ

ترکی کے استانبول میں منعقد یاسر دوگو انٹرنیشنل رینکنگ ریسلنگ چمپئن شپ میں حالانکہ ہندوستان کی مشہور پہلوان ساکشی ملک نے مایوس کیا مگرکل ملا کر اس چمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل کے ساتھ ہندوستانی پہلوانوں نے دس میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

SaurabhVerma_DDNews

سوربھ ورما /فوٹو : ڈی ڈی نیوز

ان دنوں ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑیوں کے اچھے دن چل رہے ہیں۔لکشیہ سین کے بعد اب سوربھ ورما نے نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے روس میں خطاب حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔سوربھ نے 75ہزار ڈالر انعامی رقم والے روس اوپن ٹور سپر100بیڈ منٹن خطاب پر قبضہ جمایا ہے ۔سوربھ یہ خطاب حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی مرد کھلاڑی ہیں۔اس سے پہلے یہاں 2016میں خاتون کھلاڑی رتویکا شیوانی نے خطاب جیتا تھا۔30دسمبر1992کو پیدا ہونے والے سوربھ اس وقت درجہ بندی کے معاملے میں دنیا میں65ویں نمبر پر ہیں۔

انہوں نے پہلا قومی خطاب2011میں جیتا تھا۔اسی سال بحرین انٹرنیشنل چیلنج کی صورت  میں انہوں نے پہلا انٹرنیشنل خطاب جیتا۔سوربھ کو2013اور2014میں لگاتار دونوں سال دو انٹرنیشنل خطاب حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔اب روس میں خطاب کے بعد سوربھ کو یقین ہے کہ وہ ایشین گیمز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ترکی کے استانبول میں منعقد یاسر دوگو انٹرنیشنل رینکنگ ریسلنگ چمپئن شپ میں حالانکہ ہندوستان کی مشہور پہلوان ساکشی ملک نے مایوس کیا مگرکل ملا کر اس چمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل کے ساتھ ہندوستانی پہلوانوں نے دس میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

مردوں کے گروپ میں بجرنگ پونیا اور خواتین کے گروپ میں پنکی نے گولڈ میڈل حاصل کئے۔دولت مشترکہ کھیلوں کے چمپئن پونیا لگاتار دوسرا گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔انہوں نے اسی مہینہ میں جارجیا میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ساکشی ملک میڈل راؤنڈ تک پہنچنے میں ناکام رہیں۔جب بات کشتی کی ہو رہی ہے تو کشتی کے تعلق سے ایک اچھی  خبر یہ ہے کہ ہندوستان میں کشتی کو فروغ دینے کےلئے ٹاٹا موٹرس نے ہندوستانی کشتی فیڈریشن کے ساتھ  تین سال کا معاہدہ کیا ہے ۔یہ معاہدہ اسی مہینہ جکارتہ میں ہونے والے ایشین گیم سے شروع ہوگا اور2021تک چلے گا۔

بجرنگ پونیا

بجرنگ پونیا / فوٹو : پی ٹی آئی

اس دوران جو خاص بڑے مقابلے ہوں گے ان میں عالمی چمپئن شپ،2020ٹوکیو اولمپک،عالمی کپ اور دوسرے قومی اور بین الاقوامی مقابلے شامل ہوں گے۔کشتی کے فروغ اور 50پہلوانوں کی معاونت کےلئے ہوئے اس معاہدے کو ویسے تو سشیل کمار اور ساکشی ملک جیسے پہلوانوں نے کشتی کے لئے ایک بہتر قدم بتایا ہے مگر اس کے کچھ خاص فائدے دیکھنے کے لئے ہمیں کئی بڑے ٹورنامنٹوں کے نتیجوں کا انتظار کرنا پڑے گا ۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ایک طوفانی بلے باز ہیں۔ان کی  بلے بازی کی وجہ سے دنیا تو انہیں ہیرو مانتی ہی ہے وہ خود بھی اپنے کویونیورس باس کہتے ہیں۔بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران کرس گیل نے اپنی اننگ کے دوران 5چھکے لگائے۔ان پانچ چھکوں کے بعد انٹرنیشنل میچوں میں ان کے چھکوں  کی تعداد 476ہو چکی ہے یعنی اب انہوں نے انٹرنیشل میچوں میں سب سے زیادہ چھکا لگانے کے پاکستان کے شاہد آفریدی کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔اب اگلے کسی میچ میں وہ ایک چھکا لگاتے ہی دنیا میں سب سے زیادہ چھکا لگانے والے بلے باز بن جائیں گے۔

ہر طرح کے ٹی20میچوں کی بات کریں تو گیل دنیا کے واحد ایسے بلے باز ہیں جنہوں اس طرح کی کرکٹ میں800سے زائد چھکے لگائے ہیں۔اب انٹرنیشنل میچوں میں بھی انہوں نے سب سے زیادہ چھکوں کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔وہ جس طرح کی بلے بازی کرتے ہیں اس سے اس بات کی پوری امید ہے کہ وہ بہت جلد اس معاملے میں اکیلے بلے باز ہو جائیں گے۔آفریدی اور گیل کے علاوہ ابھی تک کوئی دوسرا بلے باز ایسا نہیں ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل میچوں میں 400چھکے لگائے ہوں۔

کرس گیل / فوٹو : رائٹرز

کرس گیل / فوٹو : رائٹرز

ہندوستانی کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں ہے۔ٹی20اور ون ڈے میچوں کے بعد اس  کی انگلینڈ کے خلاف اب ٹیسٹ سیریز جاری ہے۔برمنگھم میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہی انگلینڈ کی ٹیم دنیا کی واحد ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے ایک ہزار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف میچ سے ہوا تھا۔

مارچ1877میں ہوئے اس پہلے ٹیسٹ کے بعد اب انگلینڈ نے 1000ٹیسٹ میچ کھیل لئے ہیں۔انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک جوہزار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں ان میں سے 511ٹیسٹ میچ اس نے اپنے ملک میں کھیلے ہیں جبکہ باقی کے 489ٹیسٹ انگلینڈ سے باہر کھیلے ہیں۔چونکہ انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں کا آغاز بھی کیا تھا اس لئے اب تک دوسری ٹیموں کے مقابلے انگلینڈ نے سب سے زیادہ ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف ہی کھیلے ہیں ،اسے سب سے زیادہ جیت بھی آسٹریلیا کے خلاف ملی ہے اور سب سے زیادہ ہار بھی اسے آسٹریلیا کے خلاف ہی ملی ہے۔

آئر  لینڈ کے خلاف میچ کھیلتے ہی اب نیپال بھی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جنہیں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا درجہ حاصل ہے۔نیپال ون ڈے کرکٹ کھیلنے والا دنیا کا 27واں ملک بنا۔نیپال کی یہ بدقسمتی رہی کہ اسے اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔