خبریں

15 اگست کو دہلی میں مبینہ حملہ کی سازش کے الزام میں کشمیری نوجوان گرفتار

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مشکوک نوجوان  کے پاس سے 8 گرینیڈ اور 60ہزار روپے بر آمد ہوئے ہیں۔نوجوان کی پہچان پلواما ضلع کے اونتی پورا کے باشندہ عرفان وانی کے طور پر کی گئی ہے ۔

JKPolice

نئی دہلی :جموں و کشمیر پولیس کے مطابق 15 اگست کے موقع پر ملک کی راجدھانی دلی میں دہشت پھیلانے کی سازش کا پتہ چلا ہے ۔ اس سلسلے میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے نوجوان کے پاس سے ہتھیاروں کی ایک کھیپ بر آمد ہوئی ہے ۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛ جموں زون کے آئی جی پی ایس ڈی سنگھ جموال نے جانکاری دیتے ہوئے بتا یا کہ ؛جموں کے گاندھی نگر علاقے سے اتوار کی شب کو ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس کے پاس 8 گرینیڈ اور 60ہزار روپے بر آمد ہوئے ہیں۔نوجوان کی پہچان پلواما ضلع کے اونتی پورا کے باشندہ عرفان وانی کے طور پر کی گئی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عرفان دہلی جانے کے لیے نکلا تھا ۔پوچھ تاچھ میں اس نے دلی میں دہشت پھیلانے کی سازش کا انکشاف کیا۔ وہ جن ہتھیاروں کو لے کر جارہا تھا اس کو وہ دہلی میں کسی کو سونپنے والا تھا ۔ ان کی سازش 15اگست کو راجدھانی دلی میں ایک بڑی واردات کو انجام دینے کی تھی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حفاظتی دستوں کو ملی خفیہ جانکاری کے مطابق لشکر طیبہ ،جیش محمد اورحزب المجاہدین 15 اگست کے موقع پر گھاٹی سے لے کر راجدھانی دلی تک بڑی واردات کو انجام دے سکتے ہیں ۔حراست میں لیے گئے نوجوان سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔دریں اثنا جموں میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)