خبریں

کیرل: بارش اور سیلاب سے اب تک 75 لوگوں کی موت

کیرل میں 8 اگست سے اب تک بارش ، لینڈ سلائڈ اور سیلاب کی وجہ سے 75 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ 1.5 لاکھ لوگ ریلیف کیمپوں میں ہیں۔ ریاست کے 14 میں سے 12 ضلعوں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: کیرل میں 8 اگست سے اب تک بارش ، لینڈ سلائڈ اور سیلاب کی وجہ سے 75 لوگوں کی موت ہو گئی، 1.5 لاکھ لوگ ریلیف  کیمپوں میں ہیں۔ ریاست کے 14 میں سے 12 ضلعوں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔ ریاست کے 39 میں سے 35 باندھ کے گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔ اس بیچ کیرل کے حالات کو لے کر کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی۔ انھوں نے ٹوئٹر پر بھی لوگوں سے اپیل کی کہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں تعاون کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔

مانسون شروع ہونے سے لے کر اب تک ریاست میں 71انچ بارش ہو چکی ہے۔ درمیانی کیرل کے کئی علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ پوری طرح ٹھپ ہو چکا ہے۔ جنوبی ریلوے اور کوچی میٹرو نے جمعرات کو اپنی سروس بند کر دی۔ فوج نے لوگوں کو بچانے کی مہم تیز کر دی ہے۔ آرمی کے علاوہ نیوی ، ایئر فورس ، کوسٹ گارڈ، این ڈی آر ایف کی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں جٹی ہیں۔

امر اجالا کی ایک خبر کے مطابق منار میں 82 سیلانی سیلاب اور لینڈ سلائڈ کے ذریعے بس میں پھنس گئے۔ ادھر ملم پجھاکے ولیا کڈو گاؤں  میں فوج نے 35 فٹ لمبا برج بنا کر 100 سے زیادہ لوگوں کو بچایا۔ این ڈی آر ایف اور نیوی کی ٹیمیں بھی راحت اور لوگوں کو بچانے کا کام کر رہی ہیں۔ انڈین نیوی نے بتایا کہ ان کی 21 ٹیمیں الگ الگ علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پی وجین نے بدھ کو دیر رات کہا کہ کیرل کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ زیادہ تر باندھوں کے گیٹ کھولے گئے۔

واٹر ٹریٹ منٹ پلانٹ برباد ہو چکے ہیں۔ لوگوں کو صاف پینے کا پانی مہیا کرانا حکومت کی اولیت ہے۔ بارش اگلے 4 دن تک جاری رہے گی۔ اس لیے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ کیرل میں اس  مانسون میں 71 انچ بارش ہوئی۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38.11ملی میٹر بارش درج کی گئی جبکہ مانسون شروع ہونے سے اب تک ریاست میں 1806.64ملی میٹر (71 انچ)بارش ہو چکی ہے۔ Disaster Management Control Centerکے ذرائع نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ حکومت نے 768 ریلیف کیمپ لگائے ہیں۔ جہاں بدھ دیر تک 22115فیملی کے 85398لوگوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو کیرل کے وزیر اعلیٰ پی وجین سے فون پر بات کی ۔اس بیچ وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے آرمی، نیوی اور کوسٹ گارڈ کے سینئر افسروں کو کیرل کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی وزیر اعلیٰ پی وجین سے فون پر بات کر ریاست کی موجودہ حالت کی جانکاری لی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)