خبریں

کیرل میں سیلاب کی تباہی ،وزیر اعظم نے کیا 500کروڑ کی مدد کا اعلان

وزیر اعظم نریندر مودی نے سیلاب میں اپنی جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو 2-2لاکھ جبکہ شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو 50ہزار روپےکی مدد کا اعلان کیا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کو کیرل کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی دورہ کیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق موسم خراب ہوجانے کی وجہ سے بیچ میں ہی ان کو یہ دورہ رد کرنا پڑا ۔ اس دوران انہوں نے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے کیرل کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کے لیے 500کروڑ روپے کی مدد کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے سیلاب میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے جبکہ شدید طو رپر زخمی ہونے والوں کو 50ہزارروپے کی مدد کا بھی اعلان کیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق؛ریاست میں آئی آفت کو لے کر ہوئی بیٹھک میں وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے ریاست کو تقریباً 19512 کروڑ روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نقصان کا صحیح اندازہ سیلاب کے پانی کے نکلنے کے بعد ہی لگایا جاسکے گا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق اس تباہی نے 8اگست کے بعد سے ریاست میں 324 لوگوں کی جان لی ہے ۔ تقریباً 2 لاکھ لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی ہے  اورڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگوں نے کیمپ میں پناہ لی ہوئی ہے۔اس دوران وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا ہے۔

دریں اثنا ریاست میں راحت اور بچاؤ کے لیے انڈین نیوی کی 42،فوج کی 16انڈین کوسٹ گارڈ کی 28اور این آر ایف کی 39 ٹیم پوری شدت کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ راحت کے کام اور تیزی لانے کے لیے 14اضافی ٹیم کیرل روانہ کی گئیں ہیں ۔ اس سے پہلے اتوار کو وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے  سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لیا تھا۔ اس وقت انہوں نے ریاست کےلیے 100کروڑ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کانگریس نے کیرل میں سیلاب کی تباہی کے مد نظر یہ مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت اس کو قدرتی آفت قرار دے۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی ٹوئٹ کر وزیر اعظم سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ بلا تاخیر اس کو قدرتی آفت قرار دیاجائے۔