خبریں

نریندر دابھولکر قتل معاملے میں شیوسینا کے سابق کونسلر گرفتار

جالنا میونسپل کارپوریشن کے سابق کونسلر  شری کانت پنگارکر کو سنیچر کی رات سی بی آئی نے حراست میں لیا۔  اس معاملے کے مبینہ اہم شوٹر سچن پرکاش راؤ اندورے سے پوچھ تاچھ کے بعد پنگارکر کو گرفتار کیا گیاہے۔

نریندر دابھولکر (فوٹو :پی ٹی آئی)

نریندر دابھولکر / فوٹو :پی ٹی آئی

نئی دہلی:اوہام پرستی کے خلاف لڑائی لڑنے والے سماجی کارکن نریندر دابھولکر قتل معاملے میں شیوسینا کے ایک سابق کونسلر کو حراست میں لیا گیا ہے۔  سی بی آئی کے ذرائع نے یہ جانکاری دی۔ذرائع نے بتایا کہ جالنا میونسپل کارپوریشن کے سابق ممبر شری کانت پنگارکر کو گزشتہ سنیچر کی رات سی بی آئی نے حراست میں لیا۔  ان کو قتل معاملے کے مبینہ اہم شوٹر سچن پرکاش راؤ اندورے سے پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کیا گیا۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق شری کانت پنگارکر کومہاراشٹر اے ٹی ایس نے ریاست کے مختلف حصوں سے 9 اور 11 اگست کے درمیان دیسی بموں اور ہتھیاروں کی برآمدگی کے سلسلے میں اتوار کو گرفتار کیا۔  پنگارکر کو دھماکہ خیزاشیاسے متعلق قانون اور غیرقانونی سرگرمی(روک تھام) سے متعلق ایکٹ  کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

پنگارکر سے پہلے اے ٹی ایس ویبھو راوت، شرد کلاسکر اور سدھانو گونڈلیکر کو بم اور دھماکہ خیز مادہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کر چکی ہے۔ کورٹ نے ان تینوں کی پولیس حراست کی مدت 28 اگست تک کے لئے بڑھا دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اندورے نے سی بی آئی کو بتایا کہ دابھولکر کے قتل کے وقت پنگارکر بھی اس کے ساتھ تھا جس کے بعد پنگارکر (40) کو حراست میں لیا گیا۔  انہوں نے بتایا کہ سابق کونسلر مبینہ طور پر اندورے کی موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھا تھا۔

سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ اس کو (اندورے) گولی چلانے والے ان لوگوں میں سے ایک مانا جا رہا ہے جنہوں نے 20 اگست، 2013 کو پونے میں صبح کی سیر پر نکلے دابھولکر (67) پر گولی چلائی تھی۔بتا دیں کہ دابھولکر قتل معاملے میں سی بی آئی نے اورنگ آباد باشندہ سچن پرکاش راؤاندورے کو پونے سے سنیچر کی شام کو گرفتار کیا۔  بتایا جا رہا ہے کہ اندورے اس معاملے میں اہم شوٹر ہے۔عدالت نے مبینہ شوٹر پرکاش راؤ اندورے کو 26 اگست تک کے لئے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔

اندورے کی 14 دنوں کی حراست کی مانگ کرتے ہوئے سی بی آئی کے وکیل وجئےکمار ڈھکانے نے عدالت سے کہا کہ تفتیش سے پتا چلا ہے کہ اس نے دابھولکر کے قتل کو انجام دینے سے پہلے مہاراشٹر اور کرناٹک میں مختلف مقامات پر گولیاں چلانے کی تربیت لی تھی۔سی بی آئی کے وکیل نے عدالت سے کہا، ‘ڈاکٹر ویریندر تاوڑے نے اس ملزم کے ساتھ مل‌کر پوری سازش کی اور اس سازش کا پردہ فاش کرنے کی ضرورت ہے۔  اس کے لئے حراست میں لےکر پوچھ تاچھ کی ضرورت ہے۔  ‘

سی بی آئی نے جون، 2016 کو ہندو جن جاگیرتی سمیتی کے ممبر تاوڑے کو نوی ممبئی سے گرفتار کیا تھا۔  چارج شیٹ میں اس کو اہم سازشی بتایا گیا ہے۔ترقی پسند مضمون نگار اور مفکر نریندر دابھولکر (2013)، گووند پانسرے اور ایم ایم کلبرگی (2015) اور سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل میں سناتن سنستھا سے متعلق لوگوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔سناتن سنستھا سے متعلق لوگوں کو واشی، ٹھانے، پنویل (2007) اور گووا (2009) بلاسٹ میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)