خبریں

چھتیس گڑھ : بی جے پی اٹل جی کی موت کو الیکشن کے لیے استعمال کر رہی ہے : اٹل جی کی بھتیجی

اٹل بہاری واجپائی کی بھتیجی اور کانگریس لیڈر کرونا شکلا نے کہا کہ اٹل کے آخری سفر میں 5کیلومیٹر چلنے کے بجائے اگر نریندر مودی ان کے دکھائے گئے راستے پر چلیں تو ملک کے لیے اچھا ہوگا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے انتقال کے بعد ان کی بھتیجی اور کانگریس لیڈر کرونا شکلا نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے بی جے پی پر ووٹ لینے کے لیے اٹل بہاری واجپائی کے نام کو استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

اے بی پی نیوز کے مطابق ؛شکلا نے اس معاملے کو لے کر بی جے پی کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی کے انتقال کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ کی کابینہ نے اٹل بہاری واجپائی کے نام پر ساری اسکیموں کا نام رکھا ہے ۔ مجھے اس بات کو لے کر بہت دکھ ہے ۔

شکلا نے مزید کہا کہ رمن سنگھ نے کبھی اس سے پہلے کسی اسکیم میں ان کے نام کا ذکر تک نہیں کیا ۔ کبھی ان کے نام پر کسی چیز کا اعلان نہیں کیا ۔جبکہ دہلی سے لے کر چھتیس گڑھ تک بی جے پی کی حکومت ہے ۔گزشتہ 9سالوں میں جو الیکشن ہوئے وہاں ان کے کاموں کا ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ان کا نام لیا گیا۔

کرونا شکلا نے اس بات کو لے کر نریندر مودی اور امت شاہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا اٹل کے آخری سفر مین 5کیلو میٹر چلنے کے بجائے اگر نریندر مودی دو قدم بھی ان کے دکھائے راستے پر چلتے تو ملک کے لیے اچھا ہوگا۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

شکلا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بی جے پی سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کو بھی نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے مجھے بہت رنج پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا مودی ،امت شاہ اور رمن سنگھ کو لگ رہا ہے کہ اٹل بہاری واجپائی کا انتقال ان کے لیے ڈوبتے کو تنکے کا سہارا ملنے جیسا ہے۔شکلا نے کہا کہ بی جے پی آنے والے 4ریاستوں کے اسمبلی الیکشن میں اٹل بہاری واجپائی کا نام استعمال کر کے ہمدردی حاصل کرنا چاہتی ہے ۔لیکن اس میں ان یہ کامیاب نہیں ہوپائے گی ۔ عوام بی جے پی کے چال کو سمجھتی ہے۔

اٹل کی بھتیجی کرونا شکلا اس وقت کانگریس پارٹی میں ہیں ۔ اس سے پہلے وہ بھی بی جے پی میں تھیں ۔ کرونا چھتیس گڑھ کانگریس میں ریاستی نائب صدر ہیں ۔ کرونا شکلا چھتیس گڑھ کے جانجگیر سے بی جے پی ایم پی رہ چکی ہیں۔