خبریں

کھیل کی دنیا : ایشین گیمز میں ہندوستان کے نام نئے ریکارڈ لیکن کبڈی میں مایوسی

 اس بارکئی نئے ریکارڈ ہندوستانی کھلاڑیوں نے بنائے وہیں کبڈی کھلاڑیوں نے مایوس کیا۔ایشین گیمز میں کبڈی کی شمولیت کے بعد سے اب تک مرد اور خواتین کے گولڈ میڈل ہر بار ہندوستان کی ٹیم نے ہی جیتے تھے مگر اس بار یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور ہندوستان کی ٹیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

سوربھ چودھری،فوٹو: ٹوئٹر

سوربھ چودھری،فوٹو: ٹوئٹر

انڈونیشیا کے جکارتہ میں ایشین گیمز جاری ہیں۔ہمیشہ کی طرح اس بار بھی چین نے اب تک سب سے زیادہ گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں اور ہمیشہ کی طرح جاپان بھی دوسرے نمبر پر ہے۔اس سطر کے لکھے جانے تک ہندوستان نے 11گولڈمیڈل سمیت اب تک 54میڈل حاصل کئے تھے۔

ہندوستان کو پہلا گولڈ پہلوان بجرنگ پنیا نے دلایا۔انہیں 65کلو گرام فری اسٹائل کشتی میں گولڈ ملا۔بجرنگ نے دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ایک طرف جہاں پہلے دن ہی بجرنگ نے ہندوستان کو گولڈ میڈل دلا دیا وہیں دوسری طرف اولمپک میں دو تمغہ جیتنے والے سشیل کمار ناکام رہے اور وہ کوئی بھی میڈل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

ویسے جکارتہ ایشین گیمز میں ہندوستان کے لئے پہلا میڈل اپوروی چندیلا اور روی کمار کی جوڑی نے جیتا۔ان دونوں نے ہندوستان کو نشانے بازی میں برانز میڈل دلایا۔ بجرنگ کے بعد ہندوستان کے لئے گولڈ حاصل کیا ونیش فوگاٹ نے۔فوگاٹ کی کامیابی اس لئے بھی بہت اہم ہے کہ اس سے پہلے ابھی تک ہندوستان کی کوئی دوسری لڑکی پہلوانی میں گولڈ میڈل نہیں حاصل کر سکی ہے۔

فوگاٹ ، فوٹو: ٹوئٹر

فوگاٹ ، فوٹو: ٹوئٹر

وینیش دنگل فلم سے مشہور ہوئی ببیتا اور گیتا فوگاٹ کی چچیری بہن ہیں۔وینیش کی کہانی اس لئے بھی عبرتناک ہے کہ وہ محض دس سال کی تھی تو اس کے والد کے قتل کاہوگیا۔اس کے بعد غم کو بھلا کر اس نے پہلوانی کو اپنا کیریئر بنایا اور چچا مہاویر فوگاٹ کی نگرانی میں اس نے بڑی محنت کی اور آج اس کی محنت کی وجہ سے اسے ایشین گیمز میں لگاتار دوسری بار میڈل ملا ہے۔

 2014کے ایشین گیمز میں ونیش کو برانز میڈل ملا تھا۔ونیش کو 2014 اور 2018 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی گولڈ مل چکا ہے۔ہندوستان کو تیسرا گولڈ 16سالہ نشانے باز سوربھ چودھری نے10میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں دلایا۔سوربھ ہندوستان کی جانب سے سب سے کم عمر میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔ایک وقت ایسا تھا جب کسان کے بیٹے سوربھ کو پریکٹس کرنے کے لئے 12کلو میٹر تک بس سے سفر کرنا پڑتا تھا۔ان کے پاس اپنی پسٹل نہیں تھی تو وہ اپنے کوچ کی پسٹل سے پریکٹس کیا کرتے تھے۔اب سب سے کم عمر میں گولڈ جیت کر انہوں نے ہندوستان کی جانب سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

ایک طرف جہاں ونیش فوگاٹ گولڈ جیتنے والی ہندوستان کی پہلی پہلوان بنیں وہیں راہی سرنوبت نے نشانے بازی میں گولڈ حاصل کرکے ہندوستانی کی ایسی پہلی خاتون نشانے باز ہونے کا شرف حاصل کیا جس نے ایشین گیمز میں گولڈ جیتے ہوں۔کمال کی بات یہ ہے کہ انہوں نے 25میٹر پسٹل ایونٹ میں نیا گیم ریکارڈ بھی بنایا۔راہی کو2014اور2018کے دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی گولڈ میڈل ملا تھا۔

روہن بوپنا اور دوج شرن / فوٹو : پی ٹی آئی

روہن بوپنا اور دوج شرن / فوٹو : پی ٹی آئی

جمعہ کے روز ہندوستان کو دو گولڈ میڈل ملا۔روہن بوپنا اور دوج شرن کی ہندوستانی جوڑی نے ٹینس میں مردوں کے ڈبلز مقابلے کا گولڈ میڈل جیتا۔ان دونوں کی جوڑی نے قزاقستان کی جوڑی کو ہرایا۔ہندوستان کے لئے خاص بات یہ ہے کہ ایشین گیمز میں اس نے آحری پانچ مرتبہ میں چار بارطلائی تمغہ جیتا ہے۔ مہیش بھوپتی اور لینڈر پیس کی جوڑی نے2002 اور 2006 میں اور سوم دیو دیوورمن اور صنم سنگھ نے 2010 میں ڈبلز کا طلائی جیتا تھا۔

جمعہ کوہی ہندوستان کو ایک اور گولڈ کشتی رانی میں ملا۔سورن سنگھ، دتو بھوکنال، اوم پرکاش اور سکھمیت سنگھ کی ہندوستانی کوآرٹیٹ نے مردوں کی کواڈرپل اسکلس مقابلے میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ ہندوستان کا ایشیائی کھیلوں کے کشتی رانی مقابلے میںیہ دوسرا طلائی تمغہ ہے ۔ بجرنگ لال ٹھکر نے 2010 کے گوانگزو ایشیائی کھیلوں میں سنگل اسکلس مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

ایشین گیمز کے ساتویں دن ہندوستان کو ساتواں گولڈ شاٹ پٹ میں ملا۔تجیندر پال سنگھ تور نے نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ 20.75میٹر گولا پھینک کر انہوں نے ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ بھی بنایا۔انہوں نے 2010کے ایشین گیمز میں سعودی عرب کے سلطان عبد المجید کے 20.57میٹر کے ریکارڈ کو توڑا۔ہریانہ کے نیرج چوپڑا نے قومی ریکارڈ بناتے ہوئے بھالا پھینک میں گولڈ میڈل جیتا۔

بھالا پھینک میں ہندوستان کو ایشین گیمز کے دوران پہلا گولڈ میڈل ملا ہے۔منجیت نے800میٹر میں ہندوستان کو گولڈ دلایا۔اچھی بات یہ رہی کہ اسی ریس کا سلور بھی ہندوستان کو ہی ملا۔1951میں ایشین گیمز کے آغاز کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے800میٹر کی ریس کے گولڈ اور سلور دونوں میڈل جیتے۔دسواں دن ہندوستان کےلئے بہت خاص رہا اور اس دن ہندوستان کو دو گولڈ میڈل ملے۔ ارپندر سنگھ نے مردوں کے ٹرپل جمپ مقابلے میں16.77 میٹر کی چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ جیتا جبکہ سوپنا برمن نے خواتین کی ہپٹاتھلن مقابلے میں طلائی جیتا۔

علامتی تصویر / فوٹو: @ProKabaddi

علامتی تصویر / فوٹو: @ProKabaddi

ایک طرف جہاں اس بار ایشین گیمز میں کئی نئے ریکارڈ ہندوستانی کھلاڑیوں نے بنائے وہیں کبڈی کھلاڑیوں نے مایوس کیا۔واضح رہے ایشین گیمز میں کبڈی کی شمولیت کے بعد سے اب تک مرد اور خواتین کے گولڈ میڈل ہر بار ہندوستان کی ٹیم نے ہی جیتے تھے مگر اس بار یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور ہندوستان کی ٹیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہی۔خاص بات یہ ہے کہ مرد اور خاتون دونوں ہی ٹیموں کو ایران کی ٹیم نے ہی ہرایا۔مردوں کی ٹیم کو ایران سے سیمی فائنل میں ہار ملی جبکہ عورتوں کی ٹیم کو ایران نے فائنل میں ہرایا۔

ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران ہندوستانی مردو ںکی ہاکی ٹیم نے گولوں کی برسات کر دی۔ہندوستان نے ہانگ کانگ کو26-0سے ہرایا۔یہ ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ہندوستان نے اتنے بڑے فرق سے جیت حاصل کرکے86سال پرانا ریکارڈ توڑا۔

1932میں ہندوستان نے امریکہ کو24-1کے بڑے فرق سے ہرایا تھا۔خاص بات یہ ہے کہ 1932کی اس ٹیم میں دنیا کے مشہور ترین کھلاڑی میجر دھیان چند بھی تھے۔دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو فائنل میں شکست دے کر ہندوستانی لڑکیوںکی فٹبال ٹیم نے بھوٹان میں منعقد سیف انڈر15چمپئن شپ کا خطاب جیت لیا۔ہندوستانی لڑکیوں نے اس پورے ٹورنامنٹ کے دوران کتنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران ہندوستانی لڑکیوں نے16گول کئے جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوئے۔میزبان بھوٹان تیسرے جبکہ نیپال چوتھے نمبر پر رہا۔