خبریں

غیر متعینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہارک پٹیل نے اپنی وصیت جاری کی

پٹیل طبقے کے لیے ریزرویشن اورکسانوں کے  قرض کی معافی کی مانگ کر رہے ہاردک پٹیل گزشتہ 25اگست سے غیر متعینہ بھوک ہڑتال پر ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : غیر متعینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے گجرات کے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے بھوک ہڑتال کے نویں دن اپنی وصیت جاری کی ہے ۔دی ہندو کی ایک خبر کے مطابق ،ہاردک پٹیل نے اپنی جائیداد میں والدین(بھرت پٹیل اور اوشا پٹیل) ،بہن ،ایک گئو شالہ اور پاٹیدار آندولن میں مارے گئے 14لوگوں کے خاندانوں کو حصہ دار بنایا ہے۔ہاردک پٹیل گزشتہ 25 اگست سے غیر متعینہ بھوک ہڑتال پر ہیں ۔وہ پٹیل طبقے کے لیے پسماندہ طبقہ کے تحت ریزرویشن اور زراعتی قرض کی معافی کی مانگ کر رہے ہیں۔

ہاردک پٹیل کی وصیت کے مطابق ان کے پاس ایک کار ،50ہزار روپے اور لائف انشورنس ہے۔ہندوستان ٹائمس نے پاٹیدار انامت آندولن کے کنوینر منوج پنارا کے حوالے سے بتایا کہ وصیت کے مطابق ہاردک نے اپنی اس جائیداد میں سے 20ہزار روپے اپنے والدین کے نام کیے ہیں ،جبکہ باقی کی رقم راج کوٹ کی ایک گئو شالہ کے نام کر دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہاردک پٹیل نے اپنی آنے والی کتاب(Who Took My Job ) سے کروڑوں روپے کی رائلٹی ملنے کی امید جتائی ہے ۔ ان کی وصیت کے مطابق اس رائلٹی کا 15فیصد ان کے والدین ،15فیصد ان کی بہن اور باقی کا 70فیصد ی پاٹیدار آندولن میں مارے گئے لوگوں کے خاندانوں کو دیا جائے ۔ ہاردک نے اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ؛ ہاردک پٹیل نے اپنے معاون الپیش کٹھیریا کی رہائی کے مطالبہ کو لے کر بھی بھوک ہڑتال پر ہیں۔انہوں نے اپنی وصیت میں کہا ہے کہ اس بے رحم بی جے پی حکومت کے خلاف میں 25 اگست  سے ہڑتال پر ہوں ۔میرا جسم کمزور ہوچکا ہے اور میں درد،بیماری اور انفیکشن کا شکار ہوں ۔ مسلسل بگڑ رہے اس جسم پر میں بھروسہ نہیں کرسکتا ۔ میری روح کبھی بھی پروار کر سکتی ہے۔ اس لیے میں نے اپنی آخری خواہش کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ پاٹیدار سماج کے ایک لیڈر منوج پنارا نے ہاردک کی وصیت جاری کی۔ پنارا نے کہا کہ اگر ہاردک کو کچھ ہوتا ہے تو ان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کل 50ہزار روپے میں سے 20ہزار والدین کو جبکہ 30 ہزار روپے احمد آباد کے ایک گئوشالہ کو دیا جائے گا۔

دریں اثنا ایس پی رنگ روڈ کے پاس ویشنو دیوی سرکل پر واقع ہاردک کے گھر کے باہر پاٹیدار انامت آندولن سمیتی کے حمایتیوں پر اتوار کی شام پولیس نے لاٹھی چارج کیا ۔ ہاردک سے ملنے پہنچے لوگوں کا پولیس نے آئی کارڈ بھی چیک کیا اور ان کے فون نمبر بھی درج کیے۔اس معاملے کے بعد ہاردک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے چاہنے والوں کی پٹائی ہوتی ہے یا  ان کو حراست میں لیا جاتا ہے تو وہ میڈیکل چیک اپ کے لیے اپنا خون نہیں دیں  گے۔