خبریں

الہ آباد : زمین تنازعہ کو لے کر ریٹائرڈ داروغہ کا پیٹ پیٹ کر قتل

الہ آباد کے ایس ایس پی نتن تیواری  نے  بتایا کہ مرنے والے کے گھر والوں نے 10 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ موقعہ واردات کے پاس سے ملے سی سی ٹی وی فوٹیج میں 3 حملہ آوروں کی پہچان کر لی گئی ہے۔ ان میں سے ایک حملہ آور محمد یوسف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: اتر پردیش کے الہ آباد ضلع کے شیو کٹی تھانہ علاقہ تلیر گنج کے شیلا خانہ میں ریٹائرڈ داروغہ عبدالصمد خان کو سوموار کو لاٹھی اور لوہے کی چھڑ سے پیٹ پیٹ کر مبینہ طور پر مار ڈالا گیا۔ پولیس نے 3 ملزمین میں سے ایک محمد یوسف کو منگل کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی نتن تیواری نے بتایا کہ مرنے والے کے گھر والوں نے 10 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ موقعہ واردات کے پاس سے ملے سی سی ٹی وی فوٹیج میں 3 حملہ آوروں کی پہچان کر لی گئی ہے۔ ان میں سے ایک حملہ آور محمد یوسف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کرنل گنج تھانہ کے ایریا آفیسر آلوک مشر نے بتایا کہ باقی 2 حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے دباؤ دیا جا رہا ہے۔ اہم ملزمین میں ہسٹری شیٹر جنید کمال کے بیٹے شیبو ،  یوسف اور دیگر رشتہ دار ابن شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مرنے والے کا جنید کمال کی فیملی سے گزشتہ 30-20 سال سے زمین کا مقدمہ چل رہا ہے۔ دونوں فریق آپس میں رشتہ دار ہیں۔

سوموار کو کچھ کہا سنی ہونے کے بعد صبح قریب 10 بجے جب ریٹائرڈ داروغہ عبد الصمد اپنے گھر سے کہیں جا رہے تھے تو جنید کے بیٹے شیبو نے ان پر حملہ کر دیا۔ بعد میں اس حملے میں یوسف اور ابن بھی شامل ہو گئے۔ عبدل کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سوموار دیر شام ان کا انتقال ہو گیا۔ یہ بتایا جا رہا ہے کہ جنید مجرمانہ فطرت کا آدمی ہے اور اس پر تقریباً 20 معاملے درج ہیں۔ جس میں قتل کی کوشش کے ساتھ دیگر جرم بھی شامل ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ )