خبریں

مغربی بنگال: کولکاتہ میں پل گرا،درجنوں لوگوں کے دبے ہونے کا اندیشہ

مغربی بنگال کی  وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے کہا ہے کہ اس حادثے کی جلد از جلد جانچ کرائی جائے گی۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی :مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتہ میں منگل کی شام کو ماجیرہاٹ علاقے میں ایک پل گرگیا ۔ جنوبی کولکاتہ میں ہوئے اس حادثے میں کئی گاڑیاں ملبے میں دب گئی ہیں ۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق اس میں 6لوگ زخمی ہوئے ہیں وہیں درجنوں لوگوں کے ملبے کے اندر ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ جائے واردات پر راحت اور بچاؤ ٹیم کے ممبران پہنچ گئے ہیں۔

ماجیرہاٹ ریلوے اسٹیشن کے پاس بنا یہ پل بے ہالا کو کولکاتہ کے دوسرے علاقوں سے جوڑتا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ یہ پل تقریباً 6دہائی پرانا تھا۔مغربی بنگال کی  وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے کہا ہے کہ اس حادثے کی جلد از جلد جانچ کرائی جائے گی۔

جائے واردات پر ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مقامی لوگ بھی راحت اور بچاؤ کے کام میں لگے ہوئے ہیں ۔ دریں اثنا ترنمول کانگریس کے ایم پی ڈیریک برائن نے ٹوئٹ کرکے بتایا ہے کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم  راحت کے کام میں لگ گئی ہے۔خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اسٹیٹ منسٹر چندرما بھٹاچاریہ نے کہا ہے کہ انہوں 5لوگوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سنی ہےلیکن اس کو ابھی کنفرم کیا جانا ہے۔

دوسرے منسٹر فرہاد حاکم نے کہا ہے کہ 6لوگوں کو ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔وہیں کولکاتہ کے پولیس کمشنر نے بتایا کہ حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی ہے جبکہ 19افراد زخمی ہیں۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)