خبریں

نوئیڈا میں بالیکا گریہہ پر چھاپہ، مہنگی شراب کی بوتل اور کپڑے ملے

افسروں نے بتایا کہ بالیکا گریہہ میں 17 بچے  رہتے ہیں جن کی عمر 10 سال سے کم ہے۔صاف صفائی  میں بھی خامیاں پائی گئیں۔ چھاپے کے دوران یہاں صفائی کے لئے کوئی ملازم نہیں تھا۔

Noida

نئی دہلی: اتر پردیش وومین  کمیشن کی ٹیم نے بدھ کو نوئیڈا کے سیکٹر 12/22واقع سائیں کرپا بالیکا گریہہ میں چھاپہ مارا۔ ٹیم کو اس چھاپے میں وہاں سے مہنگی شراب کی بوتل، غیر ملکی برانڈ کے کپڑے، لیپ ٹاپ، وہاں رہ رہی لڑکیوں کے پاس سے مہنگی گھڑیاں، قیمتی موبائل فون وغیرہ ملے ہیں۔ وومین  کمیشن منگل سے ہی ضلع میں مختلف یتیم خانوں  پر چھاپےمار رہی ہے۔ نوئیڈا کے مختلف یتیم خانوں  میں پائی گئی بدانتظامی کی تفتیش سٹی مجسٹریٹ شیلندر مشرا کو سونپی گئی ہے۔

وہ 15 دن کے اندر اپنی جانچ  رپورٹ دیں‌گے۔ سٹی  مجسٹریٹ شیلندر مشرا نے بتایا کہ اتر پردیش وومین کمیشن کی نائب صدر سشما سنگھ کی قیادت میں ایک وفد نے نوئیڈا کے مختلف یتیم خانوں  میں منگل اور بدھ کو چھاپےمارے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منگل شام کو انہوں نے سیکٹر 70 واقع ونی یارڈ ہومس میں چھاپےمارے۔ وہاں پر بچے برتن دھوتے ہوئے پائے گئے۔ ہوم کے اندر پانی کے ٹینک میں کیڑے بھی ملے۔

یہاں پر 17 بچے  رہتے ہیں جن کی عمر 10 سال سے کم ہے۔صاف صفائی  میں بھی خامیاں پائی گئیں۔ یہاں صفائی کے لئے کوئی ملازم نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ منگل شام کو وومین  کمیشن کی ٹیم سیکٹر 12/22 واقع سائیں کرپا بالیکا گریہہ میں پہنچی۔ وہاں پر چھاپے  کے دوران کئی بدانتظامیاں پائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح پھر سے وومین  کمیشن کی ٹیم وہاں پر پہنچی تھی۔

وہیں اتر پردیش وومین  کمیشن کی صدر سشما سنگھ نے بتایا کہ بالیکا گریہہ میں جانچ‌کے دوران لڑکیوں کے پاس سے مہنگی گھڑیاں، چشمے، غیر ملکی پرفیوم، غیر ملکی برانڈ کے کپڑے، پانچ اسٹور ملے ہیں جس میں غیر ملکی کپڑے بھرے ہوئے ہیں جن کا ابھی تک ٹیگ نہیں نکلا ہے اور ایک لیپ ٹاپ بر آمد ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بالیکا گریہہ سے غیر ملکی شراب کی بوتل بھی ملی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گیٹ پر چوکیدار نہیں تھا۔ بالیکا گریہہ سے ملے ثبوتوں کی بنیاد پر اس کی تفتیش شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا سٹی  مجسٹریٹ کی قیادت میں ایک کمیٹی بناکر اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ 15 دن کے اندر کمیٹی اپنی رپورٹ دے‌گی جس کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے‌گی۔ وومین  کمیشن کے چھاپے مارنے  کی اطلاع پاکر ضلع گوتم بدھ نگر کی بال کلیان کمیٹی صدر کنول دتّا اپنی ٹیم کے ساتھ سیکٹر 12 واقع بالیکا گریہہ  پر پہنچی۔ کنول دتا بھی وہاں پائی گئی بدانتظامی کے بارے میں اپنی سطح پر  جانچ‌کر رہی ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)