خبریں

بہار: نابالغ بچی کو اغوا کرنے آئے بد معاشوں کا پیٹ پیٹ کر قتل، تھانہ انچارج معطل

پولیس نے بتایا کہ بھیڑ کی پٹائی سے ایک بدمعاش کی جائے واردات پر ہی موت ہو گئی  جبکہ دیگر 2 نے مقامی ہیلتھ سینٹر لے جاتے وقت دم توڑ دیا۔

علامتی فوٹو: رائٹرس

علامتی فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : بہار میں بیگو سرائے ضلع کے چھوہاڑی تھانہ حلقہ میں جمعہ کو مبینہ طور پر طالبہ کو اغوا کرنے آئے 3 بدمعاشوں کا پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے معاملے  میں چھوہاڑی تھانہ  انچارج کو لاپرواہی برتنے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ چھوہاڑی تھانہ حلقہ کے نارائنی پور گاؤں میں گوریا دھرم شالہ کے نزدیک واقع پرائمری اسکول میں جمعہ دوپہر کو مبینہ طور پر 4 بد معاشوں نے ایک اسٹوڈنٹ کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران پاس سے گزر رہی  کچھ عورتوں کو اسکول میں شور غل سنائی دیا۔ عورتوں نے اسکول میں ملزموں  کو دیکھ کر شور مچایا، جس سے آس پاس کے گاؤں والے جٹ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کے بعد گاؤں والوں نے جائے واردات سے بھاگ رہے 3 بد معاشوں کو پکڑ لیا اور پٹائی شروع کر دی۔ ایک بد معاش بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ بھیڑ کی پٹائی سے ایک بدمعاش کی جائے واردات پر ہی موت ہو گئی  جبکہ دیگر 2 نے مقامی ہیلتھ سینٹر لے جاتے وقت دم توڑ دیا۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ مرنے والوں کی پہچان کمبھی گاوں کے رہنے والے مکیش مہتو، بونا سنگھ اور روسڑا کے ہیرا سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ منجھول کے پولیس سب انسپکٹر سوریہ دیو کمار کے مطابق؛ جمعہ کو پولیس نے سبھی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا تھا۔ اس کے بعد پولیس اس معاملے میں مقامی لوگوں سے پوچھ تاچھ میں لگی ۔

ہندوستان ٹائمس کے مطابق؛ بیگو سرائے کے ایس پی آدتیہ کمار  نے بتایا کہ  یہ واردات  اس وقت ہوئی جب مبینہ طور پر مسلح  مجرموں نے  پرائمری اسکول سے ایک 11 سالہ لڑکی نگینہ کماری کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ نگینہ کماری مقامی باشندے رام ناتھ پاسوان کی بیٹی ہے اور 5 ویں کلاس کی اسٹوڈنٹ ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر بدمعاشوں کو بھیڑ کے ہاتھوں سے بچایا۔ ان کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کا اعلان کر دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں جانچ شروع کر دی ہے۔