خبریں

جموں و کشمیر : این سی کے بعد اب پی ڈی پی نے بھی کیا پنچایت انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان

غور طلب ہے کہ اس سے قبل نیشنل کانفرنس (این سی) نے بھی پنچایت انتخابات میں حصہ نہیں لینے کا اعلان کیا تھا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : جموں وکشمیر کی سابق وزیرا علیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر محبوبہ مفتی نے علان کیا ہے کہ ان کی پارٹی آئندہ پنچایت انتخابات میں حصہ نہیں لےگی۔یہ فیصلہ سوموار کو پارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں لیا گیا۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل نیشنل کانفرنس (این سی) نے بھی پنچایت انتخابات میں حصہ نہیں لینے کا اعلان کیا تھا۔

محبوبہ مفتی کی جانب سے جاری کئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ؛ سپریم کورٹ میں 35A کے متعلق چل رہے معاملہ کو پنچایت انتخابات سے جوڑے جانے کی وجہ سے لوگوں کے اندر شک کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ اسی لیے ہماری پارٹی ایسے وقت میں انتخابات کروانے کے حکومت کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

اس سے قبل فاروق عبداللہ کی قیادت والی این سی نے کہا تھا کہ؛  جب تک مرکز35A پر اپنا رخ واضح نہیں کرتی تب تک ان کی پارٹی ریاست میں ہونے والے پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔

واضح ہو کہ دستور ہند کا  آرٹیکل35A جموں و کشمیر کو خاص درجہ فراہم کرتا ہے۔ اس کے تحت ریاست کے شہریوں کو کئی طرح کے خاص حقوق فراہم کرتا ہے۔ مثلاً اس کی وجہ سے ریاست کے باہر کا کوئی ہندوستانی شہری ریاست میں غیر منقولہ جائیداد نہیں خرید سکتا۔