خبریں

میہل چوکسی نے کہا : مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات غلط

 ملک سے فرار ہونے کے بعد پہلی بار اے این آئی کو دیے انٹرویو میں میہل نے کہا،’ مجھ پر ای ڈی کے ذریعے لگائے گئے سبھی الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

میہل چوکسی (فوٹو کریڈٹ: گیتانجلی جویلس)

میہل چوکسی (فوٹو کریڈٹ: گیتانجلی جویلس)

نئی دہلی: پنجاب نیشنل بینک میں گھوٹالے کے ملزم میہل چوکسی نے خود کو بے گناہ بتاتے ہوئے ای ڈی کے الزامات کو غلط بتایا ہے۔ ملک سے فرار ہونے کے بعد پہلی بار اے این آئی کو دیے انٹرویو میں میہل نے کہا،’ مجھ پر ای ڈی کے ذریعے لگائے گئے سبھی الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ انھوں نے غلط طریقے سے میری جائیداد کو ضبط کیا ہے۔’ اینٹگا میں نیوز ایجنسی کی طرف سے یہ سوال میہل کے وکیل نے پوچھے ہیں۔

چوکسی نے یہ بھی کہا کہ اس نے انڈین پاسپورٹ کا سسپنشن رد کروانے کی کوشش کی تھی۔ اس نے کہا،’ انڈین پاسپورٹ اتھارٹی نے میرا پاسپورٹ سسپینڈ کر دیا، جس  سے میں کہیں آنے جانے لائق نہیں رہا۔ 16 فروری کو مجھے ایک ای میل ملا،جس میں کہا گیا کہ ہندوستان کو خطرے کی وجہ سے میرا پاسپورٹ رد کیا گیا ہے۔ 20 فروری کو میں نے ریجنل پاسپورٹ آفس ممبئی کو ایک ای میل بھیجا اور پاسپورٹ بحال کرنے کی اپیل کی۔ مجھے اس کا جواب نہیں دیا گیا۔ مجھے یہ نہیں بتایا گیا کہ میں ہندوستان کے لیے کیسے خطرہ ہوں۔’

غور طلب ہے کہ پنجاب نیشنل بینک میں قریب 14 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے میں نیرو مودی اور میہل چوکسی کو ملزم بنایا گیا ہے۔ اس سال جنوری میں گھوٹالے کا پردہ فاش ہونے سے پہلے دونوں ملک چھوڑ کر بھاگ گئے ۔ چوکسی اس وقت اینٹگا میں ہے اور حکومت ہند اس کی تحویل لینے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔