خبریں

امت شاہ نے کہا : ’اخلاق‘ اور ایوارڈ واپسی کے بعد بھی ہم جیتے تھے

عوام نے کسی پارٹی کو مطلق اکثریت کی حکومت بنانے کا موقع دیا تو وہ بی جے پی ہے۔ راجستھان کے اندر بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرکار انگد کا پاؤں ہے ، اس کو کوئی اکھاڑ نہیں سکتا ۔

AmitShah_UNI

فوٹو: یو این آئی

نئی دہلی: راجستھان کے جئے پور میں بی جے پی کے صدر امت شاہ نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اخلاق کیس ‘اور ایوارڈ واپسی کے بعد بھی ہم جیتے تھے ،کچھ بھی ہو جائے ہم ہی جیتیں گے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق؛ بی جے پی صدر نے کہا سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پی ایم مودی سے زیادہ غیر ممالک کے سفر کیے ہیں، وہ دو جملے بول کر واپس آ جاتے تھے۔ ایک بار تو وہ سنگا پور میں ملیشیا کے لیے لکھی اسپیچ پڑھ کر آ گئے تھے۔لیکن اب پی ایم مودی جہاں جاتے ہیں ان کا زور دار خیر مقدم ہوتا ہے۔ یہ بی جے پی کا نہیں 125 کروڑ ہندوستانیوں کا ہوتا ہے۔

راجستھان میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا،’ یہ الیکشن ،ایم ایل اے،وزیر یا وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے نہیں ہے، یہ الیکشن بی جے پی کے لیے ہے۔ ‘ انھوں نے مزید کہا کہ 2019 کا الیکشن آنے والا ہے اور ریاستوں کے انتخابات اس  لحاظ سے کافی اہم ہیں ۔ ہم ان ریاستوں میں ایک بار پھر سے ابھریں گے۔

امت شاہ نے کارکنوں سے کہا کہ راجستھان کی دھرتی بہادروں کی دھرتی ہے،یہاں کا کارکن  لگن کے ساتھ کام کرتا ہے۔ مودی جی نے جو ماحول بنایا ہے اس سے ہمیں بڑھت ملی ہے۔ اگر بوتھ کا کارکن ایکٹیو نہیں ہوگا تو سب بے کار ہے۔ جب کوئی کارکن لگن سے کام کرتا ہے تو لوگ کہتے ہیں ،رانا پرتاپ کے چیتک کی طرح فاتح ہے۔ یہ چیتک کی دھرتی ہے یہاں بی جے پی کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔عوام نے کسی پارٹی کو مطلق اکثریت کی حکومت بنانے کا موقع دیا تو وہ بی جے پی ہے۔ راجستھان کے اندر بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرکار انگد کا پاؤں ہے ، اس کو کوئی اکھاڑ نہیں سکتا ۔